رواں مالی سال، شعبہ خدمات کے تجارتی خسارے میں 10فیصد کمی

رواں مالی سال، شعبہ خدمات کے تجارتی خسارے میں 10فیصد کمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 10.16 فیصد کم ہوا ہے۔ مالی سال 2019-20ء کے دوران جولائی تا فروری خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 5.55 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 1.19 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق خدمات کے شعبہ کی برآمدات 3.701 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران اس شعبہ کی برآمدات کا حجم 3.506 ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمات میں 195 ملین ڈالر یعنی 5.55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق دوسری جانب خدمات کے شعبہ کی درآمدات 6.136 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 6.064 ارب ڈالر یعنی 1.19 فیصد تک کم ہو گئیں۔ خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے باعث شعبہ کے تجارتی خسارہ میں 10.16 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی تا فروری 2018-19ء کے لئے تجارتی خسارہ 2.630 ارب ڈالر رہا تھا جو جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 2019-20ء کے دوران 2.363 ارب ڈالر تک کم ہو گا۔ ادارہ برائے شماریات کے مطابق فروری 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات 6.72 فیصد کے اضافہ سے 457.51 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ فروری 2019ء کے دوران برآمدات کا حجم 428.7 ملین ڈالر رہا تھا۔ اس طرح فروری 2020ء کے دوران شعبہ کی درآمدات میں بھی 25.70 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدات کا حجم فروری 2019ء کی 682.11 ملین ڈالر کے مقابلہ میں فروری 2020ء کے دوران 857.42 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ اسی طرح جنوری 2020ء کے مقابلہ میں فروری 2020ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں 8.92 فیصد جبکہ درآمدات میں بھی 27.31 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید :

کامرس -