حکومت”برداشت اوررواداری“کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے،فنکار
لاہور(فلم رپورٹر)شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خاتمے کے بعد حکومت سرکاری سطح پر ”برداشت اوررواداری“ کے رویے کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے اور اس کے لئے تعلیمی اداروں سمیت ہر سطح پر بحث و مباحثہ کرائے جائیں۔شوبز شخصیات نے کہا کہ اگر پاکستانی معاشرے کے رجحانات کو دیکھا جائے تو حکومت کو وسیع پیمانے پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ لوگوں میں برداشت کا مادہ ختم ہوتا جارہا ہے جس سے معاشرے میں مسائل جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں تعلیمی اداروں کی سطح پر خصوصی تربیت کا اہتمام کرے تاکہ ہم اپنی نئی نسل میں برداشت اور روادری کو پروان چڑھا سکیں۔شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے ہر شخص ذہنی دباؤ کا شکار ہے اس وبا سے بچنے کا واحد حل یہی ہے کہ لوگ اپنے آپ کو گھروں تک محدود رکھنے کے ساتھ ساتھ صبر اور حوصلے کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔شاہد حمید،معمر رانا،مسعود بٹ،حسن عسکری،شان،سید نور،میلوڈی کوئین آف ایشیاء پرائڈ آف پرفارمنس شاہدہ منی،صائمہ نور،میگھا،ماہ نور،انیس حیدر،ہانی بلوچ،یار محمد شمسی صابری،سہراب افگن،ظفر اقبال نیویارکر،عذرا آفتاب،عتیق الرحمن،اشعر اصغر،آغا عباس،صائمہ نور،خالد معین بٹ،مجاہد عباس،ڈائریکٹر ڈاکٹر اجمل ملک،کوریوگرافر راجو سمراٹ،صومیہ خان،کبیر مغل اوردیگر کا کہنا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پاکستانی قوم کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ہے۔
اس جنگ کے اختتام کے بعد حکومت سرکاری سطح پر ”برداشت اور رواداری“ کے جذبے کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کرے اور اس سلسلہ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے۔
جس میں بحث و مباحثہ کرایا جائے اور عدم برداشت کے منفی رجحان کو روکنے کیلئے تدارک کیا جائے۔