کورونا کے متاثرہ 18 مریض زیر علاج ہیں،ڈاکٹر مظہر کلہوڑو

  کورونا کے متاثرہ 18 مریض زیر علاج ہیں،ڈاکٹر مظہر کلہوڑو

  

حیدرآباد (بیورورپورٹ)لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مظہر علی کلہوڑو نے بتایا ہے کہ اس وقت سول اسپتال حیدرآباد میں کورونا وائرس کے متاثرہ 18 مریض زیر علاج ہیں جن کو آئیسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے اور انہیں تمام تر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان وارڈز میں ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو سیفٹی کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسپتال کے شعبہ حادثات میں داخل ہونے والے مریضوں کو سینیٹائزر گیٹ سے گزرا جارہا ہے تاکہ اندر داخل ہونے والے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو جراثیم سے مکمل محفوظ رکھا جاسکے۔ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں ایک الگ سے شعبہ قائم کیا گیا ہے جہاں جاکر مریضوں کے بارے میں مختلف معلومات اور ڈیٹا لیا جاتا ہے اور اس کے بعد انہیں متعلقہ شعبوں میں علاج کیلئے بھیجا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹ لمس کی لیبارٹری سے کرائے جاتے ہیں جس کے بعد کاؤنٹر چیک کیلئے کراچی کی نجی لیبارٹری میں بھی یہ ٹیسٹ بھیجے جاتے ہیں تاکہ ٹیسٹوں کا موازنہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے اور اس حوالے سے تمام تر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -