کورونا کے کاری وار، پاکستان میں کیسز اور اموات میں اضافہ،دنیا میں مریض ساڑھے 14 لاکھ سے بڑھ گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا اور مجموعی تعداد 4183 ہوگئی ۔ ملک میں اب تک 58 لوگ کورونا کی وبا سے زندگی کی جنگ ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 208 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 4183 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں4 لوگوں نے اس وبا کے باعث زندگی سے ہاتھ دھوئے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 58 ہوگئی ہے۔ اب تک پاکستان میں 467 لوگ کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 25 لوگ تشویشناک حالت میں ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب سے سامنے آئے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 2132 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 932، خیبر پختونخوا میں 500 گلگت بلتستان میں 211 ، بلوچستان میں 202، اسلام آباد میں 83 اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 28 ہے۔
دنیا کی صورتحال
دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب مریضوں کی تعداد ساڑھے 14 لاکھ کے قریب ہوچکی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے 83 ہزار 416 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 3 لاکھ 9 ہزار 183 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 549 ہوگئی ہے، یہاں اب تک 12 ہزار 587 لوگ زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ سپین میں کورونا کے ایک لاکھ 46 ہزار 690 کیسز اور 14 ہزار 555 اموات رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ اٹلی میں کورونا کے ایک لاکھ 35 ہزار 586 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں تاہم یہاں سب سے زیادہ 17 ہزار 127 اموات ہوئی ہیں۔
احساس پروگرام
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق افراد کو جمعرات سے پیسے ملنا شروع ہوجائیں گے، جن لوگوں کے پاس زائد المیعاد شناختی کارڈ ہے وہ بھی اس پروگرام میں رجسٹریشن کراسکتے ہیں، اب تک ملک بھر سے ساڑھے 3 کروڑ افراد احساس پروگرام کیلئے اپلائی کرچکے ہیں ۔ 17 مختلف پوائنٹس کے ذریعے ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو دو سے ڈھائی ہفتوں میں رقم فراہم کی جائے گی۔
ظفر مرزا کی سپریم کورٹ میں پیشی
وزیر صحت ظفرمرزا اور این ڈی ایم اے کے اعلی افسران سپریم کورٹ میں پیش ہوئے ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم کورونا وائرس کے تدارک کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اس حوالے سے جو تخمینہ لگایا گیا تھا اس کے حساب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے، تخمینے کے برعکس اموات بھی کم ہوئی ہیں۔
دبئی میں ہزاروں پاکستانی بیروزگار
قونصل جنرل احمد امجد علی کے مطابق یو اے ای میں 10 ہزار پاکستانی وبائی بیماری کورونا وائرس کے باعث نوکریوں سے فارغ کر دیئے گئے ہیں۔عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر دبئی میں جاری لاک ڈاﺅن کے سبب 35 ہزار پاکستانی متحدہ عرب امارات سے واپس وطن آنا چاہتے ہیں۔
ایف اے ٹی ایف
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف)نے پاکستان کو رپورٹ جمع کروانے کیلئے پانچ ماہ کااضافی وقت دے دیا۔ پاکستان کو یہ سہولت کورونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر دی گئی ہے۔
پمز کے ڈاکٹرز اور نرس کورونا کے نشانے پر
وفاقی دارالحکومت میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں خدمات انجام دینے والے تین ڈاکٹرز اور ایک نرس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پمز ہسپتال میں دو روز کے دوران 26 میں سے 23 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ۔
برطانیہ کی سابق کونسلر آبائی علاقے میں سپرد خاک
برطانیہ کی سابق کونسلر شبنم صادق کا کورونا کے باعث انتقال ہوگیا۔ ان کی آبائی علاقے کہوٹہ میں تدفین کر دی گئی۔ وہ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔