کورونا لاک ڈاؤن، پاکستان کے بڑے شاپنگ مالز نے دکانوں کا کرایہ معاف کردیا

کورونا لاک ڈاؤن، پاکستان کے بڑے شاپنگ مالز نے دکانوں کا کرایہ معاف کردیا
کورونا لاک ڈاؤن، پاکستان کے بڑے شاپنگ مالز نے دکانوں کا کرایہ معاف کردیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)  کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان کے تقریباً تمام بڑے شاپنگ مالز جن میں ڈولمن مال، پیکجز مال، لکی ون مال، سنٹورس اور مال آف لاہور شامل ہیں نے دکانداروں کے اپریل کے مہینے کے کرائے معاف کردیے جبکہ مارچ کے مہینے کے کرایوں میں بھی ڈسکاؤنٹ دیا ہے۔

پاکستان کی ریٹیل کی 2 مرکزی تنظیموں ریٹیل بزنس کونسل اور چین سٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان نے پاکستان کے تمام بڑے شاپنگ مالز کی انتظامیہ کو خطوط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ دکانداروں کو کرائے کے معاملے میں رعایت دی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بڑے شاپنگ مالز میں عام طور پر کرایہ 400 روپے مربع فٹ ہوتا ہے لیکن بڑی چین بہتر ریٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں، مثال کے طور پر کپڑوں کا برانڈ کھاڈی صرف 200 روپے مربع فٹ کے حساب سے کرایہ دیتا ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ کرایوں کی معافی کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ دکانداروں کو کچھ بھی نہیں دینا پڑے گا بلکہ انہیں ضروری اخراجات کی مد میں 100 روپے مربع فٹ کے حساب سے پھر بھی ادائیگی کرنی پڑے گی۔

پاکستان ٹوڈے کے مطابق لکی ون مال نے اپریل کی لائسنس فیس کی مد میں 50 فیصد، مئی  اور جون کیلئے 25 ، 25 فیصد واجبات معاف کیے ہیں ۔ سنٹورس مال نے 23 مارچ کے بعد سے ریٹیلرز کا 30 یوم کا کرایہ ختم کردیا ہے جو سال کے آخر میں ایڈجسٹ کردیا جائے گا۔

مزید :

بزنس -علاقائی -پنجاب -لاہور -