پی آئی اے نے لاہور سے سکردو کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا
کراچی (آئی این پی)پی آئی اے نے لاہور سے سکردو کے لئے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور - سکردو - لاہور کے لئے ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔ پہلی پرواز بدھ کے دن لاہور سے سکردو کے لئے 153مسافروں کو لے کر روانہ ہو ئی۔ مسافروں کی جانب سے نئی پرواز کا خیر مقدم کیا گیا۔پی آئی اے وزیر اعظم عمران خان کے ویڑن کے مطابق اندرون ملک سیاحت?و فروغ دینے اور مسافروں کی سہولت کے لئے شمالی علاقہ جات کے لئے مزید پروازیں چلا رہی ہے۔ سی ای او پی آئی اے ائر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے تمام کارکنان کو نئی پرواز کی شروعات پر مبارکباد دیتے ہوئے مسافروں کی بہترین خدمات کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہا پی آئی اے اندرون ملک مسافروں کی سہولت کے لئے مختلف شہروں کو فضائی رابطہ سے منسلک کر رہی ہے۔لاہور ائر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عبدالمقدم خاں، سٹیشن مینیجر علی اصغر زیدی اور پی آئی اے کے دیگر افساران نے مسافروں کو الوداع کیا۔
پی آئی اے