پی ٹی آئی ڈلیورنہیں کرسکتی توعوام سے معافی مانگ کر گھر چلی جائے: سراج الحق 

پی ٹی آئی ڈلیورنہیں کرسکتی توعوام سے معافی مانگ کر گھر چلی جائے: سراج الحق 

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا حل کبھی بھی حکمران طبقہ کی ترجیحات میں نہیں رہا۔ وزیراعظم نے آدھی مدت اقتدار جھوٹے وعدوں اور دعوؤں سے گزار لی، نہیں معلوم آنے والا وقت کیسے گزاریں گے۔ قوم حکمرانوں کی رام کہانیاں مزید سننے کو تیار نہیں۔ پی ٹی آئی اگر ڈلیور نہیں کر سکتی تو لوگوں سے معافی مانگے اور گھر چلی جائے۔ حکمران جان لیں کہ انٹر نیٹ اور ٹیکنالوجی کے دور میں لوگوں کو ماضی کی طرح بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ملک پر گزشتہ کئی دہائیوں سے قابض طبقہ بری طرح ایکسپوز ہوگیاہے۔ جماعت اسلامی مکمل فلاحی پروگرام کے ساتھ میدان عمل میں ہے۔ ہماری تحریک کا مقصد پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنا کر دنیا میں عظیم ملک بناناہے۔  جماعت اسلامی کے خواتین و مرد ورکرز دین کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انسانیت کی کامیابی رجوع الی اللہ میں ہے۔ عوام کے سامنے حق واضح ہے ان سے اپیل کرتاہوں کہ سچے اور ایماندار لوگوں کو منتخب کریں اور پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کے ساتھ جڑ جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کے قیام سے لے کر اب تک ایک مخصوص طبقہ ملک پر قابض ہے۔ ان کے حواری ہر شعبہ زندگی میں موجود ہیں جو محکمہ جاتی کرپشن کو پروان چڑھا رہے ہیں۔ ملک کے وسائل لوٹ رہے ہیں اور عوام کی زندگی کو اجیرن کیے ہوئے ہیں۔ 

سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -