پی ڈی ایم قائم رہے گی، وارث وہ جواس کے فیصلوں کو مانے: احسن اقبال 

پی ڈی ایم قائم رہے گی، وارث وہ جواس کے فیصلوں کو مانے: احسن اقبال 

  

 اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے بلدیاتی اداروں کی پرانے اسٹیٹس پر بحالی کے فیصلے کو وزیر اعظم،وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں مان رہے، سپریم کورٹ نوٹس لے،سرکاری ملازم پی ٹی آئی نہیں ریاست کے ملازم ہیں، جھوٹے مقدمات اور انتقامی کارروائی کا حصہ نہ بنیں،بیوروکریسی سیاست میں ملوث نہ ہو، سکیورٹی ادارے دفاع کریں،عدالتی افسر عدالتی کام کریں،حکومت جب جائیگی تو کمیشن قائم کیا جائیگا اور سول سروسز کو ان افسران سے پاک کیا جائے گا جو سیاسی جماعتوں کے آلہ کار بنتے رہے۔پنجاب کے بلدیاتی ادارے منتخب عوامی نمائندوں کے حوالے کئے جائیں،عمران خان اپنوں کو ڈنگ مارتے ہیں،جہانگیر ترین کیساتھ بھی وہی ہو رہا ہے،ہمارا مقا بلہ عمران خان اور جعلی حکومت سے ہے، کراچی میں (ن)لیگ جیتے گی،پی ڈی ایم میں دو جماعتوں نے ہمارا ساتھ نہیں دیا،پی ڈی ایم کا راستہ تبدیلی کا راستہ ہے،پی ڈی ایم قائم رہے گی،پارلیمنٹ کو بائی پاس کرکے آرڈیننس جاری کیے جارہے ہیں، آرڈیننس کی روایات کو ختم کرنا ہوگا۔ مریم اورنگزیب اور علی پرویز ملک کے ہمراہ میڈیا سے گفتگومیں احسن ا قبا ل نے کہا 25 مارچ کو سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلہ دیا تھا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کی طرح لوکل گورنمنٹ کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔ عدالتی حکم کے باوجود بلدیاتی اداروں کے نمائندے دفاتر سے محروم ہیں، احکامات پر عملدرآمد نہ کرناتوہین عدالت ہے۔ 24 گھنٹوں کے اندر پنجاب کے بلدیاتی ادارے بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار بنانے کی خواہش ہماری نہیں، ہمارے اتحادی کی تھی۔پی ڈی ایم میں کوئی تیز چلنا چاہتا ہے اور کچھ آہستہ، تاہم پی ڈی ایم قائم رہے گی۔پی ڈی ایم کا وارث وہ ہے جو اس کے فیصلے کو مانے۔ آرڈیننس کی روایات کو ختم کرنا ہوگا، ماضی میں اگر غلطی ہوئی تو اسے اب روکنا پڑے گا۔

احسن اقبال

مزید :

صفحہ آخر -