فوری اور سستے انصاف سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا، چودھری سرور

 فوری اور سستے انصاف سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا، چودھری سرور

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ فوری اور سستے انصاف سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا۔سرکاری محکموں کیخلاف شکایت میں کمی خوش آئند ہے۔کسی کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا صوبائی محتسب پنجاب کی کار کردگی ہر لحاظ سے مثالی ہے۔وہ گورنر ہاؤس لاہور میں صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ ملاقات کے دوران صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کومحکمے کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی صوبائی محتسب پنجاب نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ محکمہ ہذا نے قبضہ گروپوں کے خلا ف سخت فیصلے کرتے ہوئے275ملین روپے سے زائد مالیت کی 351کنال 14مرلہ سر کاری زمین ناجائز قابضین سے واگزار کروالی ہے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ناجائز قابضین کیخلاف حکومت کی دوٹوک اور واضح پالیسی ہے اور تحر یک انصاف کی حکومت اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کر نے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے پاکستان مضبوط ہوگااور صوبائی محتسب پنجاب صوبے میں فوری اور سستا انصاف فراہم کر نے میں جو کردار ادا کر رہا ہے وہ قابل تحسین اور مثالی ہے    اْنہوں نے کہا کہ جو بھی انصاف کی فراہمی میں رکاوٹیں بنیں گے ان کے خلاف آئین وقانون کے مطابق ایکشن لیا جائے گا صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کو سالانہ کار کردگی کے بارے میں بتایا  اعظم سلیمان نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کو مزید بتایا کہ صوبائی محتسب کے ہیڈ آفس اور 41ریجنل دفاتر میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم لانچ کر دیا ہے عام نوعیت کے کیسز کا فیصلہ 30 سے 35 دنوں کے اندر کر دیا جاتا ہے جبکہ مالی معاملات کے کیسز کا فیصلہ 45 سے 50 دنوں کے اندر کیا جارہا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین، بیواؤں اور فوت ہونے والے سرکاری ملازمین کے ورثا کے مسائل کو بھی تر جیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو بھی فوری انصاف کی فراہمی پر صوبائی محتسب خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ 

گورنر پنجاب 

مزید :

صفحہ آخر -