حکومت ٹیکسوں میں کمی کرتے ہوئے تاجروں کو ریلیف دے،صدام اطہر

حکومت ٹیکسوں میں کمی کرتے ہوئے تاجروں کو ریلیف دے،صدام اطہر

  

لاہور(سٹی رپورٹر) آل پاکستان ایگریکلچر پروڈیوس ٹریڈرز فیڈریشن کے سیکرٹری اطلاعات صدام اطہر خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی شدت اور  مہنگائی کی منہ زور لہر، قیمتوں میں عدم توازن سے بازاروں، مارکیٹوں،منڈیوں پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ سبزی منڈیوں میں آڑھتی کاشتکار خریدار ذہنی اضطراب اور بے چینی کا سامنا کررہے ہیں۔ حکومت بزنس سیکٹر کو ریلیف اور سبسڈیز دے ٹیکسوں میں کمی لائی جائے۔

   اخراجات میں بے تحاشا اضافہ بزنس سیکٹر کے مسائل میں شدید اضافے کا موجب ثابت ہوگا۔ حکومت سبزی منڈیوں اور آڑھتیوں کے مسائل اور مشکلات سنے اور ترجیحی بنیادوں پر ان کا حل نکالے۔ کووڈ 19 کی اس تیسری ویوو کی شدت اور مہلک اثرات سے انسانی جانوں کو بچانے کے ساتھ ملکی معاشی اداروں کی بقا اور استحکام بھی انتہائی ناگزیر ہے۔ سبزی منڈیوں نے کرونا کی فرسٹ اور سیکنڈ ویوو میں فروٹس اور سبزیوں کی طلب اور رسد میں بہترین توازن قائم رکھتے ہوئے غذائی قلت سے ملک وقوم کو بچائے رکھا۔ سبزی منڈیوں اور آڑھتیوں کو بھی حکومت اس بحران کا مقابلہ کرنے اور کاروباری مشکلات کے نرغے سے نکلنے کیلئے سبسڈائز پالیسی کا اعلان کرے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -