معاملات طے، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے چودھری نثار کو استعمال کیا جائیگا

  معاملات طے، پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے چودھری نثار کو استعمال کیا ...

  

 لاہور (شہزاد ملک)پاکستان میں لمحہ بہ لمحہ بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے پیش نظر مختلف قسم کی باتیں بھی زیر گردش رہتی ہیں۔ آج کل پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے متعلق افواہیں میں بڑی تیزی ہے اور ان افواہوں کے حوالے سے دونوں ہی جماعتوں کے کچھ لوگ اندر ہی اندر بڑے خوش بھی دکھائی دے رہے ہیں اور ان لوگوں کی جانب سے اپنے اپنے قریبی لوگوں کو یہ پیغام بھی دئیے جارہے ہیں کہ جلد ہی ہماری حکومت آنے والی ہے۔زیر گردش افواہوں کے مطابق شہباز شریف سے گلے شکوے دور کرنے کے بعد معاملات خوش اسلوبی کے ساتھ طے پا گئے اور (ن) لیگ کو مبینہ طور پر یہ یقین کروائی گئی ہے کہ ان ہاؤس تبدیلی لائی جائے گی اور اس مبینہ ان ہاؤس تبدیلی کاآغاز پنجاب سے کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے ڈھائی سال سے خاموشی اختیار کئے ہوئے چودھری نثار علی خاں کو استعمال کیا جائے گا۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب پیپلز پارٹی کے سر براہ آصف علی زرداری کے ساتھ جہانگیر خان ترین کے مبینہ طور پر رابطے ہوئے تھے تو انہوں نے آصف زرداری سے کہا تھا کہ وہ پچاس سے زائد ارکان ا سمبلی کے ساتھ رابطوں میں ہیں جو کہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کی صورت میں ہمارے نامزد کردہ امیدوار کو ووٹ کریں گے اور مبینہ طور پر حکومت کوووٹ نہیں دیں گے۔پیپلز پارٹی کے حلقوں کے مطابق پنجاب میں مبینہ طور پر اس تحریک کی کامیابی کے بعد اگلے مرحلے میں قومی اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی لانے پر کام شروع کیا جائے گا اور اس حوالے سے مرکز میں بھی مبینہ طور پر حکومت سے ناراض لوگوں کے ساتھ ان کے رابطے مکمل ہیں اور وہاں پر بھی ان ہاؤس تبدیلی کو کامیاب بنایا جائے گا۔

معاملات طے

مزید :

صفحہ اول -