سیڈ کونسل خیبر پختونخوا  کا چالیسواں اجلاس

  سیڈ کونسل خیبر پختونخوا  کا چالیسواں اجلاس

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)سیڈ کونسل خیبر پختونخوا کا چالیسواں اجلاس کونسل کے چیئرمین اور صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان کی زیر صدارت بد ھ کے روز زرعی تحقیقی مرکز پیر سباق نوشہرہ میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اسرار، ڈی جی زراعت ریسرچ ڈاکٹر عبد الروٗف، زرعی سائنسد انوں، ٹیکنکل کمیٹی کے ممبران اور زرعی ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اجناس کی41اقسام کاشت کیلئے متعارف کروائی گئیں اور انہیں صوبائی سیڈ کونسل کے سامنے منظوری کیلئے پیش کیا۔ صوبائی سیڈ کونسل نے غور و خوض کے بعد ان41اقسام کی باقاعدہ منظوری دے دی۔ ان اقسام کو صوبے کے مختلف تحقیقی مراکز میں جانچ پڑتال اور طویل تحقیق کے بعد کاشت کیلئے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ جن میں نیموں، لہسن، سنگترا، لوبیا، آڑو، ناشپاتی، سٹرابری، چاول، سرسوں، گندم، مونگ، آلوچے، مکئی، گنے، مالٹے اور پنجاب سے درآمد کی جانے والی، دالوں کی نئی اور بہتر اقسام شامل ہیں۔ چیئرمین سیڈ کونسل اور وزیر  زراعت و لائیو سٹاک، محب اللہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین زراعت کی محنت و کاوٗش کو سراہا اور کہا کہ مشترکہ کوششوں اور بہتر حکمت عملی کی بدولت ہم شعبہ زراعت کو ترقی دینے میں کامیاب ہو سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ بہتر اقسام کے اجناس کی کاشت کی بدولت جہاں ہماری کسان خوشحال ہونگے وہاں معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔ انہوں نے محکمہ زراعت و لائیو سٹاک کے متعلقہ افسران کے اقدامات کو بھی سراہا اور باہمی روابط کو مربوط بنانے کی ہدایت کی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -