سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت 

سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت 

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کورونا کیسز کی مثبت شرح میں اضافے اور بڑھتی ہوئی آکسیجن کی طلب کے باعث آکسیجن سپلائرز کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کو پہلی ترجیح میں آکسیجن فراہم کی جائے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے بدھ کے روز جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کورونا وباء میں اضافے کے باعث صوبے خصوصاً پشاور ویلی اور سوات میں آکسیجن کی طلب میں اصافہ ہوا ہے اور آکسیجن سیلنڈرز کی ریفلنگ میں مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے۔ اسی بنا پر سیکریٹری داخلہ نے خیبر پختونخوا اپیڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف ایکٹ 2020 کے تحت صوبے میں تمام آکسیجن سپلائرز کے لیے ترجیحات وضع کر دیں جس کے تحت پہلی ترجیح میں سرکاری ہسپتالوں کو آکسیجن فراہم کی جائے گی۔ دوسری ترجیح میں نجی ہسپتالوں جبکہ تیسری ترجیح میں انڈسٹریل یونٹس کو آکسیجن فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی سیکرٹری داخلہ کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق پولیس، تمام ڈویژنل اور اضلاع کی انتظامیہ آکسیجن سپلائرز کو جاری ترجیحات کے مطابق آکسیجن گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -