سردار عبدالرحیم این اے 249کے انتخابات سے دستبردار

سردار عبدالرحیم این اے 249کے انتخابات سے دستبردار

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (فنکشنل)کے سربراہ پیر پگارا کی ہدایت پر سردار عبدالرحیم نے این اے 249کے انتخابات سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے سردار عبدالرحیم کو مشورہ دیا ہے کہ پوری قوت کے ساتھ آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات پر توجہ دیں۔ پیر صاحب پگارا نے کہا کہ مختصر مدتِ کے لیے ایک سیٹ سے نہ نظام بدلے گا اور  نہ ہی کراچی کے عوام کو کوئی ریلیف دے سکے گا لہذا پارٹی کو بلدیاتی الیکشن کے لیے مزید منظم کیا جائے۔پیر صاحب پگارا کے مشورے کو ہدایت سمجھتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے این اے 249  کی انتخابی مہم سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔دریں اثناء سید صدر الدین شاہ راشدی نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی کے تمام کارکنان کی انتھک محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پر لیاقت آباد جلسہ اور این اے 249  کی ریلی نے شہر کراچی میں فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے  کی سیاسی مضبوطی کو ظاہر کر دیا ہے۔ اب ہمیں چاہیے کہ  بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔ کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانا بہتر بلدیاتی انتظام کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔سردار عبدالرحیم نے بھی تمام کارکنان خصوصی طور ارشد شر بلوچ، فیاض سلمان، رضا خان چوہدری تنویر اور دیگر اضلاع، پی ایس  اور  یوسیز کے عہدیداروں کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بلدیاتی انتخاب کے لیے آج ہی سے تیاری شروع کر دینگے 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -