کراچی:فیصل بینک کا ای ایف یو لائف کے ساتھ اشتراک
کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے شرعی اصولوں کے مطابق تیار کردہ 'منزل اکاؤنٹ' کا اجرا ء کیا ہے تاکہ مالی اہداف کے حصول کے لیے کسٹمرز کی مستقل بنیادوں پر بچت کے لیے حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ کسٹمرز کو اپنے مالیاتی منصوبوں کے مطابق بچت کی گئی رقم کی مالیت اور مدت کے انتخاب کی سہولت میسر ہو گی جہاں وہ ماہانہ، سہ ماہی، ششماہی یا سالانہ بنیادوں پر رقم کی ادائیگی کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔ کسٹمرز کی مالیاتی خواہشات کو یقینی بنانے کے لیے یہ اکاؤنٹ کسی بھی غیرمتوقع یا مشکل حالات سے بچاؤ کے لیے مضمر تکافل کوریج فراہم کرتا ہے۔اس تجویز میں شامل تکافل کوریج کو ای ایف یو لائف ونڈو تکافل آپریشنز کے اشتراک سے تشکیل دیا گیا ہے جو اس صنعت میں نجی شعبے میں تکافل فراہم کرنے والے سب سے بڑے اداروں میں سے ایک ہے۔شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں فیصل بینک لمیٹڈ کے ریٹیل بینکنگ کے سربراہ طاہر یعقوب بھٹی اور ای ایف یو لائف ونڈو تکافل آپریشنز کے ایم ڈی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر طاہر جی سچک سمیت دیگرعہدیداران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہر یعقوب بھٹی نے کہا یہ اشتراک ہمیں اپنی پراڈکٹس کی فہرست کو مزید وسعت اور ہمارے کسٹمرز کو بہتر مالیاتی منصوبہ بندی اور بچت کے اہداف پر مبنی سوچ کے حامل اس انوکھے منصوبے سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گی۔اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طاہر جی سچک نے کہا کہ ای ایف یو لائف پاکستان کے عوام کو منفرد اور جدید تکافل سولیوشنز کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ فیصل بینک کے ساتھ یہ شراکت داری اہم ہے کیونکہ یہ مختلف ذرائع سے تحفظ کی فراہمی کی ہماری سوچ سے مطابقت رکھتی ہے جس کا مقصد موت اور حادثات جیسے بدقسمت واقعات کے نتیجے میں صارفین کے مالی خطرات اور نقصانات کا احاطہ اور اپنے پیاروں کے معاش کا تحفظ کرنا ہے۔