پی این ایس عظمت کا ایران کی  بندر گاہ بندر عباس کا دورہ

  پی این ایس عظمت کا ایران کی  بندر گاہ بندر عباس کا دورہ

  

کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عظمت نے خلیج فارس/خلیج عمان میں اوورسیز تعیناتی کے دوران ایران کی بندرگاہ، بندر عباس کا دورہ کیا۔ بندرگاہ پہنچنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ (IRIN) کے سینیئر افسران اور ایران میں پاکستان کے دفاعی اتاشی نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران، مشن کمانڈر اور پی این ایس عظمت کے کمانڈنگ آفیسر نے ہُرمزگان صوبے کے گورنر جنرل اور سپریم لیڈر کے نمائندے سمیت ایرانی بحریہ کے فرسٹ نیول ڈسٹرکٹ کے کمانڈر سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے ایران کے عوام اور ایرانی بحریہ کے لیے نیک خواہشات پہنچائیں۔ COVID-19 وباء کے دوران پاک بحریہ کے جہاز کے دورے کے لیے ایرانی حکام کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کرنے پر مشن کمانڈر نے اُن کا شکریہ ادا کیا۔پی این ایس عظمت نے ایرانی بحریہ کے جہازوں البرز، فلاخن اور خدنگ کے ساتھ بحری مشق میں بھی شرکت کی۔ پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ اور مشق میں شمولیت علاقائی بحری افواج کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے پاک بحریہ کے عزم کا ثبوت ہے۔پاک بحریہ خطے میں استحکام کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور سمندر میں میری ٹائم سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے ثابت قدم ہے۔ پی این ایس عظمت کے اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات اور بحری تعاون کو مزید بہتر کرنا ہے۔ پاک بحریہ کے جہاز کا حالیہ دورہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مابین قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کا باعث بنے گا۔

مزید :

صفحہ اول -