پاکستان کو رونا ویکسین لگانے میں دیگر ممالک کی نسبت بہت پیچھے 

پاکستان کو رونا ویکسین لگانے میں دیگر ممالک کی نسبت بہت پیچھے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  اسلام آ باد (آئی این پی) بلوم برگ نے پاکستان میں ویکسین لگنے کی رفتار کو سست ترین قرار دیدیا اور کہا موجودہ رفتار سے ویکسی نیشن کرنے پر اگلے 10 برس میں 75فیصد آبادی کو ہی ویکسین دی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوم برگ کی تحقیقاتی رپورٹ نے پاکستان میں ویکسین لگنے کی رفتار کو سست ترین قرار دیتے ہوئے کہا دوسرے ممالک کی نسبت پا کستان آبادی کو کورونا ویکسین لگانے میں بہت پیچھے ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب میں کرونا ویکسین لگانے کا سلسلہ بھی سست روی کا شکار ہے، لاہور کیلئے یہ مدت 11 سال سے زائد بنتی ہے، جس میں تمام آبادی کو ویکسین لگائی جا سکتی ہے۔ بلوم برگ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کا آغاز دو ماہ قبل 3فروری سے کیا گیا، فراہم کردہ اعدادو شمار کے مطابق صوبہ بھر میں اب تک 1لاکھ 24ہزار سے زائد ہیلتھ کئیر ورکرز کو ویکسین لگائی گئی جبکہ 2لاکھ 22ہزار سے زائد عام شہری ویکسین لگوانے میں شامل ہیں۔ پنجاب میں 11کروڑکی آبادی میں اب تک صرف 3لاکھ 47ہزار 561افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے، اس اعتبار سے روزانہ کی بنیاد پر 5ہزار 7سو 92افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے، اگر اسی رفتار کو اوسط مانا جائے تو اگلے پونے 53سالوں میں پنجاب کی کل آبادی کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔ بلومبرگ نے کہا لاہور کی سوا کروڑ کی آبادی میں سے اب تک صرف 1لاکھ 77 ہزار 3سو 69افراد کو ویکسین لگائی جاسکی ہے، یعنی روزانہ 29سو سے زیادہ شہریوں کو ویکسین دی گئی، جس سے لاہور میں اوسط یہ عرصہ 11سال بنتا ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے پاکستان، یوکرین، ایران اور بنگلہ دیش کو اپنی آبادی کا 75 فیصد کی ویکسی نیشن میں 10سال لگیں گے، فلپائن کو 5 سال تک کا عرصہ درکار ہوگا جبکہ بھارت 4 اور ارجنٹا ئن 3 سال میں اپنی آبادی کے 75 فیصد عوام کو کورونا ویکسین لگا سکیں گے۔ ترکی، برازیل، جرمنی، فرانس، اسپین اور اٹلی کو ایک سال درکار ہوگا اور اسی طرح برطانیہ، امریکہ، اسرا ئیل اور چلی سمیت چند دیگر ممالک ایک سال سے بھی کم عرصے میں اپنی آبادی کے 75فیصد حصے کو کرونا ویکسین لگا سکیں گے۔
پاکستان ویکسی نیشن

مزید :

صفحہ اول -