عالمی ریکارڈ قائم کرنیوالی خاتون نے بالآخر اپنے ناخن کٹوادیئے، یہ کام کتنے عرصہ بعد کیا؟ آبدیدہ ہوگئی

عالمی ریکارڈ قائم کرنیوالی خاتون نے بالآخر اپنے ناخن کٹوادیئے، یہ کام کتنے ...
عالمی ریکارڈ قائم کرنیوالی خاتون نے بالآخر اپنے ناخن کٹوادیئے، یہ کام کتنے عرصہ بعد کیا؟ آبدیدہ ہوگئی
سورس:   Guinness World Records

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) لمبے ناخنوں کا عالمی ریکارڈ قائم کرنے والی امریکی خاتون نے بالآخر 28سال اپنے ناخن کٹواتے ہوئے فرط جذبات سے آبدیدہ ہو گئی۔ڈیلی سٹار کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورتھ ورتھ کی رہائشی اس خاتون کا نام ایانا ولیمز ہے جس نے گزشتہ 28سال سے اپنے ناخن نہیں کٹوائے تھے اور 2017ءمیں اس نے دنیا کے لمبے ترین ناخنوں کا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا اوراس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کیا گیا تھا۔ اس وقت اس کے ناخنوں کی مجموعی لمبائی 733.55سینٹی میٹر (24فٹ0.7انچ)تھی۔ 

ایانا ولیمز نے گزشتہ دنوں بالآخر اپنے ناخن کٹوا ڈالے کیونکہ اب انہیں برقرار رکھتے ہوئے اس کے لیے روزمرہ زندگی کے کام خود سے کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔ حتیٰ کہ وہ کھانا بھی کسی دوسرے کی مدد سے کھاتی تھی۔ ناخن کٹواتے ہوئے وہ آبدیدہ ہو گئی اور اس کا کہنا تھا کہ ”میرے لیے یہ بہت جذباتی لمحات ہیں۔ مجھے ناخن بچپن ہی سے اچھے لگتے ہیں مگر ان ناخنوں کو میں گزشتہ 28سال سے بڑھا رہی تھی اور ان کی دیکھ بھال کرتی آ رہی تھی۔ آج انہیں خود سے جدا کرنا ایک عجیب سا تجربہ ہے جس میں دکھ بھی شامل ہے اور خوشی بھی، کہ اب میں اپنے کام خود کر سکوں گی۔“

رپورٹ کے مطابق کٹوانے سے پہلے ایانا کے ناخن اس قدر لمبے ہو چکے تھے کہ اسے انہیں پینٹ کرنے میں 20گھنٹے لگتے تھے اور ناخنوں پر نیل پالش کی اڑھائی سے تین بوتلیں صرف ہوتی تھیں۔ ایانا ناخنوں کی ماہر ہے چنانچہ جب اسے اپنے ناخنوں سے فرصت ملتی تو وہ اپنے کلائنٹس کے ناخن دیکھ رہی ہوتی تھی۔ واضح رہے کہ ایانا سے پہلے لمبے ناخنوں کا عالمی ریکارڈ امریکی شہری کرس والٹن کے پاس تھا ۔ اس کے دونوں ہاتھوں کے ناخنوں کی مجموعی لمبائی 23فٹ 11انچ تھی۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -