چین نے امریکہ پر بڑا الزام عائد کردیا

چین نے امریکہ پر بڑا الزام عائد کردیا
چین نے امریکہ پر بڑا الزام عائد کردیا

  

بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن )چین نے تائیوان سے کشیدگی کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیدیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ تائیوان کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کا ذمہ دار امریکہ ہے۔مریکی فضائی بحری بیڑہ چند روز قبل تائیوان کے قریب مشقوں میں مصروف تھا جب کہ گزشتہ روز امریکی جنگی بحری جہاز متنازع علاقے ’تائیوان اسٹریٹ‘ سے گزرا تھا لہذا کیا چین کو بھی اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے خلیج میکسیکو میں جنگی جہاز بھیجنا چاہیے؟

 ترجمان نے کہا کہ امریکی جہاز اشتعال انگیزی پیدا کررہا ہے جس کی وجہ سے معاملات نے نہ صرف غلط رخ اختیار کیا بلکہ تائیوان کے متنازع علاقے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔چین کی حکومت کو خدشہ ہے کہ تائیوان کی منتخب جمہوری حکومت باقاعدہ طور پر آزادی کے اعلان کی طرف بڑھ رہی ہے، اس کے علاوہ چین کئی مرتبہ واضح کرچکا ہے کہ تائیوان اس کے لیے انتہائی حساس اور اہم ترین معاملہ ہے تاہم تائیوان کی صدر متعدد بار کہہ چکی ہیں کہ تائیوان ایک آزاد ملک ہے جس کا نام ’رپبلک آف چائنہ‘ ہے۔

واضح رہے کہ چین، تائیوان کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہے جب کہ تائیوان خود کو آزاد، خود مختار اور جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ رکھتا ہے۔ چین اور تائیوان کے درمیان تعلقات ہمیشہ کشیدہ رہے ہیں جب کہ تائیوان اقوام متحدہ کا رکن ملک نہیں ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -