’کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ، اپوزیشن اپنے جال میں خود ہی پھنس گئی ‘
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن پاکستان)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کےرہنماسینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے مفادات کی خاطر تحریک چلا رہی تھیں،اپوزیشن اپنے جال میں خود ہی پھنس گئی ہے، ہم اپنی کارکردگی پر توجہ دیں گے، قانون سازی، اصلاحات پر ہماری توجہ ہوگی، مہنگائی پر جلد قابو پا لیں گے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، قانون سب کے لئے برابر ہے، کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی،پاکستان تحریک انصاف اپنے فیصلے اصول کی بنیاد پر کرتی ہے، ہم اپنے سیاسی فائدے یا نقصان کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک میں نہ تو کوئی جان ہے اور نہ ہی ان کا کوئی مقصد ، یہ صرف اپنے ذاتی مفادات کے لئے برسر پیکار ہیں، اب اپوزیشن کا اتحاد بے نقاب ہو چکا ہے، اپوزیشن نے ملک میں ایک قسم کا انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی تھی، جس کی وجہ سے ہم اپنی کوششوں اور کامیابیوں کو عوام کے سامنے نہیں لا سکے تھے، یہ ہمارے لئے ایک بہت بڑی تبدیلی ہے جس میں ہم شور شرابے اور منفی سیاست سے جان چھڑا کر عوام کے مسائل حل کرنے، مہنگائی میں کمی لانے، قانون سازی اور عوام کی خدمت پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے،ہر شخص کی اپنی قابلیت اورصلاحیت ہوتی ہےاور کپتان کومعلوم ہوتاہےکہ کس شخص کو کس پوزیشن پر کھلانا ہے؟اب ہماری حکومت کی نصف مدت گزرچکی ہے،اب ہماری کوشش ہےکہ ہم بھرپورطریقےسےملک و قوم کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جب بھی کوئی تہوار آتا ہے یا رمضان المبارک کا مہینہ آتا ہے تو مارکیٹ میں مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر خود فائدہ اٹھانے کے لئے چیزوں کو مزید مہنگا کر دیتے ہیں، یہ عمل ہماری مذہبی تعلیمات کے بھی خلاف ہے اور عوام کے ساتھ بھی زیادتی ہے، آٹا، چینی اور بنیادی اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ہم نے کئی فیصلہ کن ایکشن بھی لئے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے فیصلے اصول کی بنیاد پر کرتی ہے، ہم اپنے سیاسی فائدے یا نقصان کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے، ہم نے اپنا یا پرایا نہیں دیکھنا بلکہ ہم نے صرف انصاف کرنا ہے، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، قانون سب کے لئے برابر ہے، کسی کے ساتھ انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، اثر و رسوخ رکھنے والے لوگوں کو اگر عدالت طلب کرے اور وہ جلوسوں کے ساتھ عدالت جائیں تو یہ عمل تحریک انصاف کے فلسفے کی بالکل نفی کرتا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو بہت بڑا سیاسی نقصان پہنچا، ان کی وجہ سے دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی سیاسی طور پر نقصان ہوا اور ان کے سیاسی مستقبل پر بھی بڑا اثر پڑا ہے، حیدر ہوتی نے بھی یہ کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) ذاتی مفادات کے تحفظ کے لئے بنائی گئی تھی ا س لئے ہم اس کا حصہ نہیں بننا چاہتے، جب دیگر سیاسی جماعتوں کو اپنے مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی جائے تو جلد یا بدیر ان جماعتوں کو اس بات کا احساس ہو جائے گا، پیپلز پارٹی کو پہلے ہی احساس ہو گیا تھا اور اب اے این پی نے بھی خود کو پی ڈی ایم سے الگ کر لیا ہے۔