جانوروں کو منہ کھر کی بیماری کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں،حیدر علی

 جانوروں کو منہ کھر کی بیماری کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں،حیدر علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 فیصل آباد (آئی این پی)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ڈ ویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حیدر علی نے جانوروں میں منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے حوالے سے فارمرز اورمویشی پال حضرات کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدائت کی ہے۔انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ جانوروں کو منہ کھر سے محفوظ رکھنے کیلئے سال میں 2مرتبہ موسم بہار (مارچ و اپریل) اور موسم خزاں (ستمبرو اکتوبر) میں منہ کھر کی بیماری کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں جبکہ متاثرہ جانور کو صحت مند جانوروں سے الگ رکھیں اور باڑے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے کہاکہ مویشی پال حضرات نئے خرید کردہ جانوروں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگوانے اور مکمل اطمینان کے بعد دوسرے جانوروں میں شامل کریں انہوں نے بتایاکہ منہ کھر کا وائرس جانوروں کے منہ اورکھروں کے درمیان کھال پر حملہ کرتا ہے جبکہ بھینسوں اور گائے میں زبان، تالو، مسوڑھوں، حیوانہ اور کھروں کے درمیان چھالے بن جاتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ اس بیماری سے متاثرہ جانور وں کو تیز بخار ہو جاتا ہے جبکہ وہ خوراک کھانا بند کر دیتے ہیں اور دودھ کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہو جاتی ہے،انہوں نے بتایاکہ بھیڑوں اور بکریوں میں چھالوں کی جگہ منہ میں سرخ دھبے نظر آتے ہیں اور منہ سے رال ٹپکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بیماری کی صورت میں فوری قریبی ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کریں نیزمزید معلومات و رہنمائی کیلئے محکمہ کی فری ہیلپ لائن 0800-78686پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

مزید :

کامرس -