اسلام کے ضابطہئ حیات پر عمل کریں 

  اسلام کے ضابطہئ حیات پر عمل کریں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 انسانی زندگی کو راہ راست پر رکھنے کے لئے اسلامی تعلیمات پر عمل سے دنیاوی عرصہ حیات اور موت کے بعد کی دائمی مدت میں کامیابی اور جزا کے انعامات سے اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو نوازتے ہیں جو قرآن حکیم کے احکام اور احادیث مبارکہ کے سبق آموز واقعات سے مستفید ہو کر اپنی کارکردگی خالق کائنات کے بتائے ہوئے اصولوں کی اطاعت اور اتباع میں بسر کرنے کے لئے حتی المقدور پوری احتیاط اور کوشش بروئے کار لاتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسان کی بہترین اصول و اقدار کی معاونت سے ہر شعبہ زندگی میں ممکنہ غلطیوں، خرابیوں اور روگردانی سے حفاظت کرتا ہے۔ انسان کو اپنی اصلاح و فلاح کے لئے دیگر لوگوں اور طبقوں سے رجوع کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کی بار گاہ میں عاجزی اور انکساری سے اسلامی احکام پر عمل کو ترجیح دینا چاہئے تاکہ وہ دنیا وہ دنیا کی فانی اور آخرت کی دائمی زندگی میں برائیوں سے محفوظ رہ کر اذیت اور عذاب الٰہی کی صعوبتوں سے بچا رہے۔


اسلام اللہ تعالیٰ کا نازل کیا ہوا خالص دین حق ہے یہ رسولؐ کریم پر 40سال کی عمر مبارک سے شروع کر کے عرصہ 23 سال تک مختصر حصوں میں نازل کیا جاتا رہا۔ اس کی آفاقی اور دائمی واضح اور غالب اہمیت و فضیلت تمام ملکوں کے لوگوں کے لئے ہے۔ سورہئ علق میں ارشاد ہے۔ پڑھ اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا جس نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا۔ تو پڑھ تیرا رب بڑے کرم والا ہے، جس نے قلم کے ذریعے (علم) سکھایا، جس نے انسان کو وہ سکھایا جسے وہ نہیں جانتا تھا۔  یہ سب سے پہلی وحی ہے جو نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر اس وقت آئی جب آپ غارِ حرا میں مصروف عبادت تھے۔ چند قرآنی آیات کا ترجمہ ملاحظہ فرمائیں۔


یقینا ہم نے انسان کو بہترین صورت میں پیدا کیا۔ لیکن جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کئے تو ان کے لئے ایسا اجر ہے جو کبھی ختم نہ ہوگا۔ کیا اللہ تعالی (سب) حاکموں کا حاکم نہیں ہے؟ وہی اللہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، بادشاہ، نہایت پاک سب عیبوں سے صاف امن دینے والا نگہبان، غالب زور آور اور بڑائی والا، پاک ہے اللہ ان چیزوں سے جنہیں یہ اس کا شریک بناتے ہیں۔
وہی اللہ ہے پیدا کرنے والا وجود بخشنے والا صورت بنانے والا اسی کے لئے نہایت اچھے نام ہیں۔ ہر چیز خواہ وہ آسمانوں میں ہو خواہ زمین میں ہو اس کی پاکی بیان کرتی ہے اور وہی غالب حکمت والا ہے۔یہ قرآن حکیم کی چند آیات ہیں جن کے مفہوم پر غور و فکر سے انسان کو اپنی زندگی اللہ تعالی کے احکام اور ہدایات کے مطابق گزارنے کی تلقین و تاکید کی گئی ہے۔

مزید :

رائے -کالم -