مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا،کامران ٹیسوری
اسلام آباد ( آن لائن )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ایک شخص افواج پاکستان اور اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کرنے کے درپے ہے، پانچ لوگ مل کر بیٹھیں تو پانچ دن میں حالات ٹھیک ہو جائیں گے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان معاشی و معاشرتی مسائل سے دوچار ہے، اللّٰہ تعالٰی سے دعاگو ہیں کہ وطن عزیز کو آزمائشوں سے نکالے، مہنگائی کے طوفان نے سب کو غریب کر دیا ہے، ملکی حالات سے عوام میں مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ، ہم نے گورنر ہاﺅس کراچی کے دروازے عوام کیلئے کھول دیئے ہیں، سب لوگ سیاست کو بالائے طاق رکھیں اور آگے بڑھیں، ملکی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی اور ملکی صورتحال پر بات ہوئی، پاکستان کو بچانے کیلئے میں ہر شخص کے پاس جانے کو تیار ہوں ، گورنر خیبر پختونخوا سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے، اس ملک میں پانچ لوگ مل کر بیٹھیں تو پانچ دن میں حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ہمیں مل کر ملکی مسائل کے حل کیلئے کوشش کرنی ہے، ایک خاص طبقہ ملک میں آ کر بیٹھ گیا ہے اور ملکی دولت پر قابض ہے، پاکستان کی عوام سیاسی جماعتوں کے جھوٹے وعدوں پر آنہیں حکمران بناتی ہے، یقین سے کہتا ہوں کہ ملک میں گیس بڑی مقدار میں موجود ہے، پاکستان میں ہر چیز کسی نہ کسی مافیا کے کنٹرول میں ہے ، میڈیا ہی لوگوں میں ذمہ داریوں کا شعور بیدار کرتی ہے، ہمیں پاکستان کی عوام کی مشکل صورتحال کا صحیح احساس نہیں ہے، ملک میں ڈالر نہ ہونے سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے، ایک شخص افواج پاکستان اور اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کرنے کے درپے ہے، عمران خان اس ملک کے معاشی و معاشرتی حالات پر رحم کرے، باہر کے ممالک ہم پر ہنس رہے ہیں۔
کامران ٹیسوری