جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ،قلم، کاغذ کو الوداع کہنے کا فیصلہ
ملتان(سٹی رپورٹر)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو الیکٹرانک فائلنگ کے جدید نظام کی شاہراہ پر گامزن کردیا گیا ہے اور دفتری نظام میں کاغذ اور قلم کو الوداع کہنے کے لئے سیکرٹریٹ کے سسٹم کو مکمل طور پر پیپر لیس بنانے کی طرف پیش رفت جاری ہے۔اس سلسلے میں پنجاب انفارمیشن ٹکنالوجی بورڈ کی جانب سے ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم بارے ایڈیشنل (بقیہ نمبر25صفحہ6پر )
چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے آفس کے کمیٹی روم میں ٹریننگ ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹنمنٹس کے سیکشن آفیسرز اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن و ایس اینڈ جی اے ڈی محمدفاروق ڈوگر نے ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہر شعبے میں ای گورننس کا نظام متعارف کرانا چاہتی ہے تاکہ تمام محکموں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جاسکے اور شفافیت لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا طرہ امتیاز ہے کہ یہاں آغاز سے ہی ای فائلنگ سسٹم کی کامیابی کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ای فائلنگ سسٹم سب سے پہلے محکمہ زراعت جنوبی پنجاب میں بطور ماڈل پراجیکٹ لانچ کیا گیا جوکہ کامیاب رہا اور اب دیگر محکموں میں اس پر عملدرآمد جاری ہے۔محمد فاروق ڈوگر کا کہنا تھا اس سسٹم کو لاگو کرنے میں درپیش مشکلات کے حل کے لئے یہ ٹریننگ سیشن منعقد کیا گیا ہے۔جنوبی پنجاب کے لئے ای فائلنگ سسٹم کے فوکل پرسن و ڈپٹی سیکرٹری سروسز نئیر مصطفے نے خطاب میں کہا کہ پوری دنیا ڈیجیٹائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے اس لئے دنیا سے ہم قدم ہونے کے لئے پاکستان میں بھی دفاتر کو الیکٹرانک فائلنگ کے نظام سے لیس کرنا ہوگا۔