شجاع آباد،کمیٹی والی مسجد کا100فٹ سے زائد اونچا مینار

Apr 08, 2023

 
شجاع آباد،سکندر آباد(نمائندہ پاکستان) شجاع آباد میں قیام پاکستان کے بعد ہندوستان سے آنیوالے بِھوانی کے مہاجرین کی شہر کے قدیمی ریلوے گیٹ کے ساتھ تعمیر کی گئی جامع مسجد گلستان المعروف کمیٹی والی مسجد جنوبی پنجاب کی خوبصورت ترین مساجد میں سے ایک ہے۔مہتمم و مدیر اعلیٰ جامع مسجد گلستان المعروف کمیٹی والی مسجد مولانا رضاءالمنعم قریشی کے مطابق 1947 میں قیام پاکستان نے بعد ہندوستان کی تحصیل بِھوانی سے ہجرت کرکے آنیوالے مہاجرین نے ملتان کی تحصیل شجاع آباد کے قدیمی ریلوے دروازے کے ساتھ ایک چھوٹی سی گلستان (بقیہ نمبر45صفحہ6پر )
مسجد تعمیر کی اور اپنی عبادات شروع کیں۔ نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے باعث 1969 میں شیخ الحدیث ولی کامل مولانا سراج احمد قریشی نے اس وقت کے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ ازسرنو تعمیر و توسیع کیلئے گلستان جامع مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔تین کنال رقبے پر واقع جامع مسجد گلستان میں دو ہزار سے زائد نمازی ایک وقت میں نماز ادا کر سکتے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں سیڑھیوں کے ساتھ 100 فٹ سے زائد اونچائی والاپہلا مینار جامع مسجد گلستان میں تعمیر کیا گیا اور مسجد کے فرش پر سنگ مرمر استعمال کیا گیا۔ 2021میں مسجد کی دوبارہ تزئین و آرائش کی گئی۔ مسجد کی چھتوں پر مخصوص ملتانی ثقافتی نقاشی کا کام کیا گیا ہے۔ لاکھوں روپے مالیت کا چین سے منگوایا گیا مرکزی فانوس مسجد کی خوبصورتی میں اضافہ کرتا ہے۔ مسجد کے مرکزی ہال کی دیوار پر دونوں اطراف میں تھری ڈی ٹائلوں پر بیت اللہ اور روضئہ رسول کے ماڈل بنائے گئے ہیں اسکے علاوہ دونوں اطراف میں دیوار پر اللہ اور اسکے رسول کے 100نام، درود شریف اور قرآنی آیات ٹائلوں پر نصب کی گئی ہیں۔ مسجد کے مرکزی ہال کے فرش پر سعودی عرب کے بادشاہ کا بطور تحفہ دیا گیا مسجد نبوی کا قالین بچھایا گیا ہے۔مسجد میں موسم کے اعتبار سے ٹھنڈے اور گرم پانی کی سہولت والا جدید وضو خانہ موجود ہے۔پنجگانہ، جمعہ اور عیدین کی نمازوں کیلئے وقت کی سخت پابندی کا اہتمام بھی گلستان جامع مسجد کی خصوصیات میں سے ایک ہے۔ آنیوالے نمازیوں کیلئے مسجد سے متصل جامعہ فاروق اعظم میں پارکنگ کا بھی وسیع انتظام موجود ہے۔

مزیدخبریں