ذوالفقار علی بھٹو کا قتل پاکستان کی سیاسی اور عدالتی تاریخ میں ہمیشہ سوالیہ نشان بنا رہے گا، اعجاز رحیم
ریاض (وقار نسیم وامق) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری اعجاز رحیم کا کہنا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا قتل پاکستان کی سیاسی اور عدالتی تاریخ میں ہمیشہ سوالیہ نشان بنا رہے گا اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ملک و قوم کے لئے خدمات ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 44 ویں برسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شریک شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.
ان کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد پاکستان ایک ایسے لیڈر سے محروم ہوا جس کے پاس پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کا وژن تھا مگر ایک فوجی ڈکٹیٹر نے غیر ملکی سازش کو پروان چڑھانے کے لئے بھٹو کو شہید کیا اور پاکستان کو اس آگ میں دھکیل دیا جس کا خمیازہ پوری قوم آج بھی بھگت رہی ہے.
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سعودی عرب کے صدر اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن برائے سعودی عرب احتشام جاوید کوہلی نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سیاست عوامی تھی جنھوں نے ڈرائینگ روم سے سیاست کو نکال کر عوام کو منتقل کی اور انہیں شعور دیا کہ پاکستان کی حاکمیت عوام کے ہاتھ میں ہے اور آئین دیکر ملک کو قانون اور نظم و وضبط کے تابع بنایا اور ایٹمی پروگرام کا آغاز کرکے ملک کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں.
اجلاس میں اعجاز کھٹانہ ، پرویز شاکر ، وقار نسیم وامق، الیاس رحیم ، ذکاءاللہ محسن، اور دیگر نے شرکت کی۔