مسافر طیارے پر لیزر کیوں ماری؟ عدالت نے 2 سال قید کی سزا سنا دی
نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی عدالت نے مسافر طیارے پر لیزر مارنے کے جرم میں ملزم کو 2 سال کیلئے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لیزر لائٹ کو کچھ عرصہ قبل پاکستان میں کھیل کے طور پر لیا جاتا تھا، گلی محلوں میں بچے لیزر لائٹ ایک دوسرے اور راہگیروں پر مار کر موج مستی کرتے تھے مگر امریکہ میں یہی حرکت کرنے پر ایک شخص 2 سال کیلئے جیل میں سڑنے کیلئے چھوڑ دیا گیا۔
منی سوٹا کے رہائشی 43 سالہ امریکی نے دو برس قبل ڈیلٹا ائیر کی پرواز پر لیزر لائٹ ماری تھی، پراسیکیوٹر نے عدالت میں سماعت کے دوران کہا کہ لیزر لائٹ پائلٹ کی دیکھنے کی صلاحیت متاثر کرتی ہے جس سے جہاز کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے۔ عدالت نے دونوں جانب سے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 24 ماہ طویل سزائے قید سنا دی۔