سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے ان کا نیا گانا ریلیز کردیا گیا
چندی گڑھ(مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقی پنجاب کے مقتول گلوکار سدھو موسے والا کا نیا گیت ’میرا ناں‘ یوٹیوب پر ریلیز کر دیا گیا ہے اور اس گیت کی ویڈیو میں ’ڈیپ فیک ٹیکنالوجی‘ کے ذریعے سدھوموسے والا کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ مصنوعی ٹیکنالوجی کے ذریعے سہی مگر سدھوموسے والا کے مداح اپنے پسندیدہ گلوکار کو ایک بار پھر اپنی میوزک ویڈیو میں اپنے مخصوص انداز میں دیکھ رہے ہیں۔
سدھوموسے والا کا یہ گیت تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جسے ایک دن میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔پوسٹ ہونے کے پہلے دو گھنٹوں میں اس گیت کو 30لاکھ لوگوں نے دیکھا اور 10لاکھ لوگوں نے لائیک کیا۔ لائیکس کے اعتبار سے اس گیت نے ایک ریکارڈ قائم کر دیا ہے کہ دو گھنٹے میں 10لاکھ بار لائیک ہونے والی یہ پہلی بھارتی میوزک ویڈیو بن گئی ہے۔
واضح رہے کہ آنجہانی گلوکار کی المناک موت کے بعد ان کے کئی گیت مکمل کیے گئے ہیں، جو یکے بعد دیگرے ریلیز کیے جا رہے ہیں۔’میرا ناں‘ بھی انہی میں سے ایک ہے۔