’را‘ کے ایجنٹوں نے مجھے مارنے کیلئے انڈر ورلڈ کے قاتلوں سے رابطہ کیا، ایک اور سکھ رہنما نے بھارتی سازش بے نقاب کر دی

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ’را‘ کے ایجنٹوں نے مجھے مارنے کیلئے انڈر ورلڈ کے قاتلوں سے رابطہ کیا،رہنما سکھ فار جسٹس گرپت ونت سنگھ پنوں نے اپنے خلاف بھارتی سازش بے نقاب کر دی ۔
گرپت ونت سنگھ پنوں نے کہا کہ انڈین ایجنسی ’را‘ براہ راست بھارتی وزیراعظم آفس سے چلائی جاتی ہے، وزیراعظم مودی کی اجازت کے بغیر ’را‘ بیرون ملک لوگوں کو قتل نہیں کرواسکتی ہے۔’را‘ کے ایجنٹوں نے مجھے مارنے کیلئے انڈر ورلڈ کے کرائے کے قاتلوں سے رابطہ کیا۔
رہنما سکھ فار جسٹس گرپت ونت سنگھ پنوں نے کہا کہ خالصتان کی آزادی کیلئے 2014ء سے ریفرنڈم کی مہم چلارہے ہیں، ہم پرامن جمہوری طریقے سے ووٹوں کے ذریعے مقبوضہ بھارتی پنجاب کو آزاد کرواکے خالصتان بنانا چاہتے ہیں، مودی سرکار خالصتان کیلئے ریفرنڈم کوتمام تر دباؤ کے باوجود روکنے میں ناکام رہی، بی جے پی حکومت نے امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا پر ریفرنڈم روکنے کیلئے دباؤ ڈالا مگر ناکامی کے بعد دوسرے ملکوں میں دہشتگردی کررہی ہے۔ گرپت ونت سنگھ پنوں نے اپنے اوپر انڈین حملے کے بار ے میں بتایا کہ ’را‘ کے ایجنٹوں نے مجھے مارنے کیلئے انڈر ورلڈ کے کرائے کے قاتلوں سے رابطہ کیا، ان کا ایک ساتھی پہلے ہی امریکی حکومت کے ساتھ بھی کام کرتا تھا، اس نے امریکی حکومت کو معلومات دی کہ را کا ایجنٹ خالصتان تحریک کے رہنما گرپت ونت سنگھ پنوں کو مارنے کی کوشش کررہا ہے، انڈین ایجنسی ’را‘ براہ راست بھارتی وزیراعظم آفس سے چلائی جاتی ہے، وزیراعظم مودی کی اجازت کے بغیر ’را‘ بیرون ملک لوگوں کو قتل نہیں کرواسکتی ہے۔
شہزاد اقبال کے سوال سکھ لیڈرز کے ساتھ خالصتان تحریک رپورٹ کرنے والے صحافی بھی دھمکیوں کی زد میں ہیں، جیو نیوز کے رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ جو شروع سے خالصتان تحریک کو رپورٹ کرتے آئے ہیں انہیں بھی دھمکیاں مل رہی ہیں؟ کے جواب میں گرپت ون سنگھ پنوں نے کہا کہ مرتضیٰ علی شاہ نے 31اکتوبر 2021ء کو لندن میں خالصتان ریفرنڈم کی ووٹنگ کی کوریج کی تھی، اس کے بعد آسٹریلیا، کینیڈا، اٹلی، سوئٹزرلینڈ جہاں بھی ریفرنڈم ہوا مرتضیٰ علی شاہ ہر جگہ پہنچے، یوکے اتھارٹیز نے ایک میٹنگ میں بتایا کہ مرتضیٰ علی شاہ کو بھی ’را‘ سے خطرہ ہے کیونکہ وہ خالصتان ریفرنڈم کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔