ہاکی کے فروغ کیلئے کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں ، خواجہ جنید

ہاکی کے فروغ کیلئے کھلاڑیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں ، خواجہ جنید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ ہاکی لیگ میں ناقص کارکردگی کی تحقیقات کیلئے سیکرٹری منسٹری آف آئی پی سی محمد اعجاز چوہدری کی سربراہی میں بنائی گئی تحقیقاتی کمیٹی کے رکن اور سابق کوچ اولمپئن خواجہ محمد جنید نے کہا ہے کہ کمیٹی نے انتہائی دیانت داری اور میرٹ پر اپنی رپورٹ مکمل کرکے اعلی حکام کو دیدی ہے اور اس کی سفارشات پر عمل در آمدکے بعد پاکستان میں ہاکی کے کھیل میں کافی بہتری آئی گی ۔ خواجہ جنید نے کہاکہ میری ذاتی رائے میں پاکستان میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے کھلاڑیوں کو جاب سیکورٹی دینا ، ڈیپارٹمنٹ کی ہاکی کی بحالی اور کولیفائڈ کوچز کی تقرری بہت ضروری ہے ۔پاکستان میں ہاکی کے 200 کھلاڑیوں کو نوکریاں دے دی جائیں ،ڈیپارٹمنٹ میں ،سکولوں کالجز میں ہاکی بحال ہوجائے اور چاروں صوبوں سمیت ملک میں پانچ اکیڈمیاں بناکر کوالیفائڈ کوچز کی تقرری کردی جائے تو میں دعوی سے کہتا ہوں کہ ہاکی کی تاریخ بدل جائے گی ۔خواجہ جنید نے کہاکہ ماضی کے کھلاڑیوں کو معاش کی فکر نہیں ہوتی تھی ۔ان کو ڈیپارٹمنٹس میں بہترین نوکریاں دی جاتی تھیں جس کی وجہ سے وہ ہاکی کے کھیل کی طرف بہت لگن سے توجہ دیتے تھے اور پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرتے تھے ۔لیکن موجودہ کھلاڑیوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں اور وہ مالی مسائل کی وجہ سے ہاکی کے کھیل کی طرف بھرپور توجہ نہیں دیتے،ان کو اگر فکر معاش سے آزاد کردیا جائے تو وہ بھی ماضی کے کھلاڑیوں جیسی کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ضروری نہیں کہ قومی ہاکی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی جائیں ۔پاکستان میں بے شمار کوالیفائڈ کوچز ہیں جو کہ کسی بھی صورت میں غیر ملکی کوچز سے کم نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں پانچ اکیڈمیاں قائم کرکے ان میں ملکی کوالیفائڈ کوچز کی تقرری کی جائے اور ان کو غیر ملکی کوچز کے برابر تنخواہیں دی جائیں تو واضح فرق نظر آئے گا ۔