حکومت بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لے ‘ لاہور چیمبر

حکومت بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لے ‘ لاہور چیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تاجروں کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے بینک ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لے تاکہ تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہو، ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر حکومت اور تاجر برادری کے درمیان محاذ آرائی سے عالمی سطح پر بہت منفی پیغام جارہا ہے جس کا فائدہ ملک دشمن عناصر اٹھائیں گے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ عالمی سطح پر یہ پیغام دینا بہت ضروری ہے کہ پاکستان کاروبارکے لیے بہترین جگہ ہے مگر ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر حکومت اور تاجروں کے درمیان محاذ آرائی صورتحال خراب کررہی ہے۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس دراصل دوہرا ٹیکس اور ایک جبری قانون ہے جو تاجر قبول کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تصادم کی صورتحال پیدا کرنے سے گریز کرے کیونکہ اس سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا، حکومت کو چاہیے کہ تاجروں سے سنجیدہ مذاکرات کرے تاکہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کے معاملے پر کشیدگی کی صورتحال ختم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جب معیشت بحالی کی جانب جارہی ہے، تاجر برادری سے محاذ آرائی حکومت کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دے گی۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ تاجر بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے اسے قبول کرنے سے گریزاں ہیں لہذا بہتر یہی ہوگا کہ حکومت یہ ٹیکس واپس لے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے دیگر اقدامات اٹھائے۔

[

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس عائد کرنے کے بعد تاجروں نے بینکوں سے سرمایہ نکلوانا شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے بینکوں کے ٹرن اوور میں نمایاں کمی ہوئی ہے، اگر حکومت نے ودہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لیا تو بینکنگ سیکٹر بھی تباہ ہوجائے گا۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کے خلاف حالیہ ہڑتال کی وجہ سے ملک کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے ، اگر تاجروں کو مزید ہڑتال پر مجبور کیا گیا تو معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہونے کا اندیشہ ہے جو کسی طرح بھی ملکی مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر ضروری ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار یہ ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لینے کے احکامات صادر کریں۔

مزید : کامرس