ٹیوٹامیڈیا انڈسٹری کیلئے ٹریننگ کورسز کا آغاز رواں ماہ سے کر رہی ہے‘ عرفان قیصر شیخ
لاہور ( کامرس رپورٹر) ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)میڈیا انڈسٹری کوہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ٹریننگ کورسز کا آغاز رواں ماہ سے کر رہی ہے۔تین ماہ دورانیہ میڈیا ٹریننگ شارٹ کورسزمیں کیمرہ مین ،نان لینئرایڈیٹر (NLE)، اورکنٹرول روم آپریٹر (CRO)شامل ہیں ۔ان کورسزکو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹس میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پرمیں شروع کیا جارہا ہے ۔ مستقبل میں ٹیوٹا کے دیگر اداروں میں بھی انڈسٹری کی مانگ کو پورا کرنے کیلئے یہ کورسزشروع کئے جائینگے ۔ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،ٹیوٹاافسران عبدالقیوم، اظہر اقبال شاد، حامد غنی انجم، اختر عباس بھروانہ،سرفراز انور اور دیگر ٹیوٹا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ ٹیوٹا ان کورسز کو کامیابی سے چلانے کیلئے میڈیا ایڈوکیسی سینٹر (MAC) کے ساتھ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر چکی ہے ۔اس مفاہمت کا مقصد ذرائع ابلاغ کی صنعت کیلئے ہنر مند افرادفراہم کرنا ہے ۔ ان کورسز میں داخلے کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک جبکہ انٹر میڈیٹ کو تر جیح دی جائے گی۔ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ (TTB)/پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (PBTE)امتحان اور سرٹیفکیٹ فراہم کرینگے ۔ چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ نئے چینلز اور میڈیا گروپس کے متعارف ہونے سے میڈیا کی صنعت میں تیز ی آئی ہے جس کی وجہ سے اس صنعت میں تربیت یافتہ کیمرہ مین ،نان لینئرایڈیٹراورکنٹرول روم آپریٹر کی کمی کا سامنا ہے۔ میڈیا انڈسٹری کی مانگ اور تربیت یافتہ افراد ی قو ت کی کمی کے فرق کو نظر میں رکھتے ہوئے ٹیوٹا اور میک (MAC) کے درمیان معاہدے سے اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔
ان کورسز کے آغاز سے میڈیا انڈسٹری کو ہنر مندافراد ملیں گے اور اس طرح بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ٹیوٹا اپنا بھرپور کردار ادا کر ے گی۔