مدارس پر بلاجواز چھاپے افسوسناک ہیں،طاہر محمود اشرفی

مدارس پر بلاجواز چھاپے افسوسناک ہیں،طاہر محمود اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)بلاجواز اور بغیر اطلاع کے مدارس پر چھاپے افسوسناک ہیں حکومت کو کسی مدرسہ کے بارے میں معلومات درکار ہیں تو وہ مدرسہ کی انتظامیہ سے رابطہ کرے پاکستان کا امن اورسلامتی مذہبی قوتوں اور مدارس کو بھی عزیز ہے یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے ذمہ داروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے قومی ایکشن پلان کی مکمل حمایت کی تھی پاکستان علماء کونسل، تحفظ مدارس دینیہ (رجسٹرڈ)اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے تعاون سے ملک بھر کے 16 ہزار سے زائد مدارس کے کوائف حکومت کے پاس موجود ہیں اور باقی مدارس بھی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، مدارس کے تعاون کے باوجود سرچ آپریشن کے نام پر طلباء ، اساتذہ اور مدارس کے ذمہ داروں کو ہراساں کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلام اور پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔دینی مدارس کی قیادت اور طلباء ملک سے فرقہ وارانہ تشدد،انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اور تحفظ مدارس دینیہ اور وفاق المساجد پاکستان کی طرف سے حکومتی ذمہ داران کو بار بار یہ کہا گیا ہے کہ حکومت یا انتظامیہ کو کسی مدرسہ کے بارے میں ایسی معلومات ہیں جہاں غیر قانونی سرگرمیاں ہورہی ہوں تو پاکستان علماء کونسل، تحفظ مدارس دینیہ (رجسٹرڈ)، وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) قیادت سے رابطہ کرے ، ہم خود اس مدرسے کے خلاف ایکشن لیں گے لیکن ایسا لگتا ہے کہ بعض قوتیں حکومت اور مدارس کے درمیان تصادم چاہتی ہیں جو پاکستان علماء کونسل کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے سعودی عرب میں مسجد پر خود کش حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ارض حرمین الشریفین کی سلامتی کے درپے قوتیں جان لیں کہ ان کو ان کا شیطانی کھیل نہیں کھیلنے دیا جائے گا ۔ انہوں نے ایران میں حکومت کی طرف سے گرائی جانے والی مسجد پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت اتحاد بین المسلمین کی بات کرتی ہے مگر افسوس کہ اہل سنت کی مساجد کو گرایا جا رہا ہے ۔