قرآن پاک ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے،میاں مقصود

قرآن پاک ہر شعبے میں ہماری رہنمائی کرتا ہے،میاں مقصود

لاہور(نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور محمد عمیر خان ، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، خلیق احمد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات کو پس پشت ڈال کر قیام وطن کے مقاصد حاصل نہیں کر سکتے انھوں نے کہا کہ پاکستان جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا دراصل وہ مقاصد نظریہ قرآن ہی ہے اور قرآنی تعلیمات ہمارے لیے ہر شعبہ زندگی میں ہماری رہنمائی کرتی ہے پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا اور جس کی خاطر ایک طویل جدوجہد کی گئی ۔ برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے اس نظریے کی خاطر اپنی جان ومال اور سب کچھ قربان کر دیا اور دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی۔ آج ہمارے معاشرے میں بدعنوانی کا نظام قائم ہے جس میں بے شمارے مسائل موجود ہیں ان سب کا حل قرآنی تعلیمات کے اندر موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے حکمران عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آرہے ہیں جبکہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے ریاست کو ہر حوالے سے ٹھوس اقدامات کرنے چاہییں، اور تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت اصل سرمایہ ہے ، اس سرمائے کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔جماعت اسلامی یوم پاکستان کو انتہائی شایان شان سے منائے گی اس دن شباب ملی کے زیر اہتمام موٹر سائیکل ریلیاں نکالی جائیں گی اور مختلف مقامات پر یوم پاکستان کے حوالے سے اجتماعات کا انتظام کیا جائے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1