پی ٹی آئی کو اسمبلی میں رکھنا (ن) لیگ کی مجبوری ہے،جمیل ملک
لاہور(لیڈی رپوٹر) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اسمبلی میں رکھنا مسلم لیگ(ن) کی مجبوری ہے اگر پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کردیا جاتا تو موجودہ حکومت کابھی دھڑن تختہ ہوجاتا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا تحریک کے محر ک نے پی ٹی آئی کیخلاف تحریک انہی کے کہنے پر واپس لی جن کے اشارے پرجمع کرائی تھی،محرک کے طرز سیاست کو اب ملک کا عام شہری بھی اچھی طرح سمجھ چکا ہے جنہوں نے اسلا م کے نام پر اسلام آباد میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں ، یقیناًانہوں نے تحریک واپس لینے کا بھی بھرپور مالی فائدہ اٹھایا ہوگا، پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک کے مرکزی محرک اقتدار کے جگری یار ہیں ، اقتدار خواہ غیر جمہوری ہی کیوں نہ ہو، سابق آمر پرویز مشر ف ، چو د ھر ی پرویز الٰہی،آصف علی زرداری اور شریف سبھی انہیں اپنا قریبی ساتھی تصور کرتے ہیں،انہوں نے کہاموجودہ حکمران نت نئے شوشے چھوڑ کراپنے اقتدار کو وسعت دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں،ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو کچھ بھی نہیں ہوگا نہ ہی انٹرپول انہیں گرفتار کرکے پاکستان لائے گا،وہ برطانوی شہری ہیں برطانیہ کبھی بھی اپنے معزز شہری کو پاکستان کے حوالے نہیں کریگا البتہ ایم کیو ایم مائنس الطاف فارمولا کامیاب ہونے کے قومی امکانات موجود ہیں۔