فوجی ہیلی کاپٹر کا افسوسناک حادثہ!

فوجی ہیلی کاپٹر کا افسوسناک حادثہ!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مانسہرہ کی پہاڑیوں میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب گلگت جانے والا فوجی ہیلی کاپٹر پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں سوار سارے افسر، ہیلی کاپٹر کا عملہ اور ماتحت جوان بھی شہید ہو گئے۔ یہ بنیادی طور پر طبی عملہ تھا ان میں تین میجر ڈاکٹر تھے اور یہ سب گلگت طبی سامان لے کر مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج کے لئے جا رہے تھے۔ تاحال تحقیق سے وجہ معلوم نہیں ہوئی، تاہم عمومی طور پر یہی تصور کیا جا رہا ہے کہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا کہ ہیلی کاپٹر تھوڑا راستے سے کٹ گیا۔ بہرحال یہ ایک دُکھ اور افسوس والا حادثہ ہے۔ہیلی کاپٹر تو روز آتے اور جاتے ہیں، خصوصاً فوج کے جوان تو سی ون تھرٹی بھی استعمال کر رہے ہیں۔ حالیہ شدید بارشوں، طوفان اور بدترین سیلاب میں تمام سول مشینری قریباً ناکام ہو گئی تھی۔ چترال سے گلگت اور سکردو تک فوج کے جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر مجاہدانہ کردار ادا کیا، جس پر ان کو خراج تحسین بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ان حالات میں اس حادثے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔ فوج اور قوم بہادر جوانوں سے محروم ہو گئی ہے، اللہ سے دُعا ہے کہ ان شہدا کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید :

اداریہ -