نئی نسل پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار کرے، فدا احمد کاردار

نئی نسل پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار کرے، فدا احمد کاردار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیڈی رپورٹر)نئی نسل پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار کرے ۔یہ آزاد وطن بہت سی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے لہٰذا اس کی قدر کریں ۔نوجوانوں نے تحریک پاکستان میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ۔قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں پر عمل کرنا چاہئے۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے کارکن فدا احمد کاردار نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچرکے دوران کیا۔اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔ فدا احمد کاردار نے کہا23مارچ1940ء میری زندگی کا خوش قسمت ترین دن ہے کہ میں نے پہلی بار قائداعظمؒ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ اس کے بعد جب بھی قائداعظمؒ لاہور آئے میں ان کے استقبال کیلئے ضرور جاتا تھا۔ ریزرو بینک آف انڈیا میں ملازمت کے دوران میں نے مسلمانوں کے بارے میں ہندوؤں کے متعصبانہ رویے کو قریب سے دیکھا۔وہ مسلمانوں کو ترقی کرتے نہیں دیکھنا چاہتے تھے ۔قائداعظمؒ طلبہ کو بے حد اہمیت دیتے تھے، طلبہ نے تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہندو اور مسلمان دو الگ الگ قومیں ہیں،قائداعظمؒ نے تحریک پاکستان کے دوران ہندوؤں اور انگریزوں کی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔ بعدازاں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔فدا احمد کاردارنے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان اور قائداعظمؒ کو دیکھنے کے حوالے سے چشم دید واقعات بھی سنائے ۔