(ن) کی حکومت نے عوام دشمن پالیسوں سے عوام کی چیخیں نکلوا کر رکھ دی ،بیرسٹر عامر
لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما بیرسٹر عامر حسن شریف نے کہا ہے کہ خود کو شیر کہلوانے کے شوقین مشکل وقت پڑنے پر ہاتھ پاؤں کے انگوٹھے لگا کر راتوں رات اپنے کارکنوں کو بے یارو مددگار چھوڑ کر سرور پیلس بھاگ جاتے ہیں اور وہاں جا کر خوب سرور کرتے ہیں اور واپس آکر عوام سے ان کا سکھ چین چھین لیتے ہیں عوام کی خدمت کرنے کے دعوے دار بات بات پر ٹیکس لگانے کے پروگرام بنا رہے ہیں تاجروں کا جینا حرام کرتے ہیں تو کبھی کسی اور طبقے کا سانس لینا مشکل کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنی عوام دشمن پالیسوں سے عوام کی چیخیں نکلوا کر رکھ دی ہیں بجلی تو انہوں نے اپنے وعدے اور دعوں کے مطابق عوام کو مہیا نہیں کی ہے لیکن ہر ماہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے ۔بیرسٹر عامر حسن شریف کا کہنا تھا کہ عوام مسلم لیگ کی حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کی سوچ رہے ہیں اور پیپلز پارٹی کے سنہری دور کو یاد کررہے ہیں کیونکہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں ہر طبقے کو خوشحالی حاصل تھی اور وہ سکھ کی زندگی بسر کررہا تھا ۔