بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ہیڈکانسٹیبل بابر کو 10 ہزار روپے نقد انعام

بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ہیڈکانسٹیبل بابر کو 10 ہزار روپے نقد انعام

لاہور(کرائم سیل)ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے پولیس ٹریننگ سکول مناواں میں حملے کے وقت دہشت گردوں کی طرف سے گولی کا نشانہ بننے کے باوجودبہادری کا مظاہرہ کرنے والے ہیڈکانسٹیبل محمد بابر کو 10 ہزار روپے نقد انعام اور CC-II سرٹیفکیٹ دینے کے بعد کہا کہ ہمیں لاہور پولیس کے شہداء اور دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے والے غازیوں پر فخر ہے کہ انہوں نے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ایلیٹ پولیس کے جوانوں نے ہر مشکل وقت میں دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر کے لاہور پولیس کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ یہ حقیقتاََ ایلیٹ فورس کے جوان ہیں۔ ایلیٹ فورس کے جوانوں کے رہائش، صاف پانی، بلٹ پروف جیکٹس، گاڑیوں اور وردی سے متعلقہ تمام مسائل جلد اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج قربان لائنز ایس پی مجاہد کے دفتر میں ایلیٹ فورس کے جوانوں کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی مجاہد فورس سید قرارحسین ، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز نرگس یاسمین اور ڈی ایس پی ایلیٹ سمیرا منورکے علاوہ ایلیٹ فورس کے جوانوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپنی فورس کی زیادہ سے زیادہ ویلفیئر کر سکیں اور جوانوں کو مل کر تھانہ کلچر کی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کر سکیں۔ جوانوں کے جو مسائل معمولی نوعیت کے ہیں وہ فوری طور پر حل کر دیئے جائیں گے۔

مزید : علاقائی