وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں‘ ترجمان پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں‘ ترجمان پنجاب ...

لاہور ( این این آئی) ترجمان پنجاب حکومت سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ پرویزخٹک غلط بیانی سے کام نہ لیں اور حقائق کا جائزہ لیں تو انہیں معلوم ہو گا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے عملی اقدامات عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، ان کی کارکردگی کو ملکی اور عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور بین الاقوامی اداروں نے بھی ان کی دن رات کی کاوشوں کا برملا اعتراف کیا ہے، اس کے برعکس پرویزخٹک کے الزامات ناقابل فہم اور خودساختہ ہیں۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ پچھلے دو برسوں میں ایک میگاپراجیکٹ بھی شروع نہ کر پانا پرویزخٹک کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ انہیں تنقید کرنے کی بجائے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی تقلید کرنا چاہیے۔ سیدزعیم حسین قادری نے مزید کہا کہ پشاور کو سوئمنگ پول میں بدلنے والے کس منہ سے پنجاب کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں؟ نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ کرنے والے ایک صوبہ تو کیا ایک شہر کو بھی محفوظ نہیں کر سکے اور عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام تحریک انصاف کے کاغذی دعوؤں کی سچائی جان چکے ہیں اور پشاور سمیت کے پی کے کے شہر اور دیہات مس مینجمنٹ کی کہانیاں بیان کر رہے ہیں جس کی ایک مثال مفتی محمود برج ہو یا 80فیصد کا ترقیاتی بجٹ کا ضائع ہو نا یہ سب کچھ پرویزخٹک اور ان کے قائد عمران خان کی نااہلی کا ثبوت ہیں۔

مزید : صفحہ اول