خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام ہے،پولیس بھی غیر سیاسی ہے ،ریحام خان
اسلام آباد،ہری پور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے عملی سیاست میں قدم رکھتے ہوئے ہری پور میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے تحریک انصاف کے امیدوار عامر زمان کی انتخابی مہم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ساتھ ہے اور تحریک انصاف کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس جماعت کے پاس خان ہے ، نوجوان ہے اور بھابھی بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور نوجوان پاکستان کی طاقت ہیں۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بیوی اسے کبھی بھی جھکنے نہیں دے گی ۔انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدوار عامر زمان کو جتوانا ہے اور یہ فیصلہ خود عوام نے کرنا ہے کہ ووٹ کسے دینا ہے ظالموں کو یا کسی پڑھے لکھے نوجوانوں کو۔ عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کا بھائی عامر زمان ایک پڑھا لکھا شخص ہے اور قوم اسے ووٹ دیں یہ ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔ ریحام خان نے واضح کیا کہ ہری پور کی عوام اپنی بھابھی کو تحفہ دیں تو خیبرپختونخواہ کی حکومت انہیں بھی تحفے دے گی۔ انہوں نے کے پی کے حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام صرف خیبر پختونخواہ میں ہے کسی صوبے میں نہیں جبکہ صوبہ کی پولیس بھی غیر سیاسی ہے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی کے لیے تعلیم کے شعبے میں ترقی بہت ضروری ہے اور اس کی ذمہ داری ان کی بھابھی پر ہے۔اس سے قبل ہری پور روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو کبھی بھی مشورہ نہیں دوں گی کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی درخواست پر اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں‘ عمران خان کی بیوی ہو کر غلط مشورہ نہیں دے سکتی‘ پاکستان میں عوام تک سچ نہیں پہنچایا جاتا جس کی وجہ سے پاکستانی چینلز نہیں دیکھتی‘ این اے 19 میں پی ٹی آئی کے امیدوار میرے بھائی ہیں ان کی الیکشن مہم کیلئے آبائی گاؤں جا رہی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیرہ پنیاں میرا آبائی گاؤں ہے بڑے عرصہ بعد گاؤں جا رہی ہوں اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے بھرپور مہم چلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان سے رشتہ جوڑ کر ان کے نظریات کی بھی پوری حمایت کرتی ہوں میرے انتخابات میں حصہ لینے کی افواہیں پھیلائی گئیں لیکن جو بندہ صحافت میں ہو وہ سیاست میں نہیں آ سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں ریحام خان نے کہا کہ میں کبھی عمران خان کو یہ مشورہ نہیں دوں گی کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی درخواست پر اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں۔ عمران خان کی بیوی ہوں ان کو کیسے غلط مشورہ دے سکتی ہوں۔