معید پیرزادہ بیمار والد سے جائیداد ہتھیانے کے الزام میں گرفتار

معید پیرزادہ بیمار والد سے جائیداد ہتھیانے کے الزام میں گرفتار

دبئی (آئی این پی) معروف نیوز اینکر پرسن و سینئر صحافی معید پیرزادہ کو ابوظہبی میں بیمار والد سے کروڑوں روپے کی جائیداد کی اہم دستاویزات پر زبردستی انگوٹھے لگوانے پر گرفتار کرلیا گیا اور ان سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، دفتر خارجہ نے معید پیرزادہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں قونصلر تک رسائی دی جا رہی ہے۔ جمعہ کو ذرائع کے مطابق ابوظہبی پولیس نے پاکستان کے معروف ٹی وی اینکر پرسن اور سینئر صحافی معید پیرزادہ کو ابوظہبی میں جائیداد کے معاملے پر جعل سازی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق معید پیرزادہ کے والد ابوظہبی میں زیر علاج ہیں ذرائع کے مطابق معید پیرزادہ کی گرفتاری کا معاملہ کروڑوں روپے کی جائیداد سے متعلق ہے، وہ ابوظہبی کے ہسپتال میں اپنے علیل والد سے کروڑوں روپے کی جائیداد کے حوالے سے اہم دستاویزات پر زبردستی انگوٹھے لگواتے ہوئے پکڑے گئے، ان کے ہمراہ ان کی ہمشیرہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جب معید پیرزادہ نے اپنے والد سے کاغذات پر انگوٹھے لگوائے جس پر ان کے قریبی رشتہ داروں اور انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع کر دی جس پر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی اور انہیں اس جعل سازی پر گرفتار کرلیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ معید پیرزادہ کو 4 اگست کو گرفتار کیا گیا تاہم اس نے ہزیمت اور شرمندگی سے بچنے کیلئے جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک ٹوئیٹ جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے والد کی عیادت کے سلسلے میں ابوظہبی آئے ہیں اور ان دنوں وہ ان کی تیمارداری میں مصروف ہیں، تاہم بعد ازاں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ معید پیرزادہ کو ابوظہبی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے تاہم پاکستانی سفارتخانہ اس سلسلے میں ابوظہبی پولیس سے رابطے میں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے کہا کہ سینئر صحافی کو ابوظہبی میں ذاتی جائیداد ہتھیانے کے تنازعے اور جائیداد کی مبینہ جعل سازی پر گرفتار کیا گیا ہے اور وہ اس وقت ابوظہبی پولیس کی زیر حراست ہیں، پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں نے معید پیرزادہ سے ملاقات بھی کی اور انہیں قونصلر تک رسائی بھی دی جا رہی ہے۔

مزید : صفحہ اول