تحریک انصاف اسمبلی میں آئیگی تو ڈیسک بجا کر استقبال کریں گے ،پرویز رشید

تحریک انصاف اسمبلی میں آئیگی تو ڈیسک بجا کر استقبال کریں گے ،پرویز رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صبح کا بھولا شام کو گھر آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہتے، پیر کو تحریک انصاف کا اسمبلی میں ڈیسک بجا کر استقبال کریں گے، اسمبلی میں صرف عمران خان نہیں70لاکھ لوگوں کے مینڈیٹ نے آنا ہے، ہماری پارٹی نے درست فیصلہ کیا، اپوزیشن ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تجویز دے، سیاسی جماعتوں کا کام مل کر حکومت چلانا ہے، پیرکے روز پارلیمنٹ میں ایک نیا باب کھلے گا۔وہ جمعہ کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست رد عمل کی سیاست نہیں، ہم سب درگزر کر چکے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے، ہم پیر کو تحریک انصاف کو خوش آمدید کہیں گے، صبح کا بھولا شام کو گھر آ جائے تو اسے بھولا نہیں کہتے، یہ صرف عمران نے یا ان کے ساتھیوں نے پارلیمنٹ نہیں آنا بلکہ ہمارے لئے عوام کی نمائندگی ہو رہی یہ اور 70لاکھ لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا، اب وہ لوگ اسمبلی میں واپس آ رہے ہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت نے درست سمت میں درست قدم اٹھایا، ہم تحریک انصاف کا ڈیسک بجا کر خیر مقدم کریں گے، پہلے بھی جب کوئی اسمبلی آتا ہے تو اسے ڈیسک بجا کر ہی خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پولیس کی قربانیاں کسی سے کم نہیں ٗمناسب طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، عوام تک صحیح خبریں پہنچانے اورافواہوں کے خاتمہ کیلئے پولیس اور میڈیا کے درمیان رابطہ کو مزید بہتر اورمربوط بناناضروری ہے ، موجودہ دورمیں میڈیا کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ٗانتہا پسندی و دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ہماری کاوشیں صرف میڈیا کوریج اور رپورٹنگ تک محدود نہیں ہونی چاہئیں۔ جمعہ کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں سینئرپولیس افسران کیلئے سٹرٹیجک کمیونیکیشن و میڈیا رابطہ سے متعلق تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دورمیں میڈیا کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں پولیس کی قربانیاں کسی سے کم نہیں جو دہشت گردوں، سمگلرز اور ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہیں، سخت موسمی حالات میں دن رات کام کرتے ہیں، ان کی انہی کوششوں اور قربانیوں کے باعث آج پاکستان زیادہ محفوظ ملک ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ورکشاپ کا بڑا مقصد سٹرٹیجک کمیونیکیشن کا فروغ اور یہ جائزہ لینا ہے کہ کسی واقعہ کی صورت میں کونسی اطلاع فوری طور پر پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹرٹیجک کمیونیکیشن یہ ہے کہ افواہ کو نہ پھیلنے دیا جائے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ میرے لئے یہ امر باعث فخر ہے کہ میں ملک کے مختلف حصوں میں خدمات سرانجام دینے والے سینئر پولیس افسران سے مخاطب ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سماجی و معاشی، سیاسی اور سیکیورٹی کے ماحول میں میڈیا اور ریاستی اداروں کا مشترکہ فرض ہے کہ دونوں درست، بروقت اور شفاف معلومات عوام تک پہنچائیں۔ عام آدمی کو آگاہ کرنا ہو یا کسی سانحے کے بارے میں معلومات دی جارہی ہوں تو ایک مستند، بروقت پیغام لوگوں میں خوف وہراس یا غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی بجائے مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، خاص طور پر دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں افسران اورمیڈیا کا رویہ ذمہ دارانہ ہونا لازم ہے۔ عوام کو اس بات کا یقین دلانا ہوگا کہ یہ عناصر معصوم اورسادہ لوح لوگوں کے مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے خیراتی اداروں کے نام پر پیسے جمع کررہے ہیں، یہی عناصر دھماکہ خیزمواد اورخودکش جیکٹس بناتے ہیں اورمعصوم لوگوں کی زندگیاں چھین لیتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -