سیلاب متاثرین کی امدادی ڈیمانڈ کو ہر صورت پورا کیا جائے گا،شجاع خانزادہ

سیلاب متاثرین کی امدادی ڈیمانڈ کو ہر صورت پورا کیا جائے گا،شجاع خانزادہ

لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیرانسداد دہشت گردی و چیئرمین کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ڈی سی اوز کی طرف سے افرادی قوت اور امدادی سامان کی ڈیمانڈ کو ہر صورت پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے تمام ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز متعلقہ علاقوں میں لوگوں کی جان و مال اور امن و امان کا خاص خیال رکھیں۔انہوں نے یہ بات آج یہاں کیبنٹ کمیٹی برائے فلڈ کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید‘ سیکرٹری داخلہ میجر(ر) اعظم سلیمان خان‘ محکمہ موسمیات اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے بتایا کہ راجن پور میں رودکوہیوں کا پانی دریائے سندھ میں مل کر کوٹ مٹھن کی آبادیوں کا رخ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ مٹھن کی آبادیوں کو کھانے پینے کا سامان اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ریسکیو سروس 1122 کے اعلیٰ افسران پر زور دیا کہ وہ متاثرہ اضلاع کے ایمرجنسی افسران سیلاب متاثرین کو ریسکیو کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ۔اجلاس میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جس پر محکمہ موسمیات کے افسران نے بتایا کہ آئندہ دو سے تین روز تک زیادہ بارشوں کا امکان نہیں۔

مزید : صفحہ آخر