دینی مدارس پر چھاپوں کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ،وفاق المدارس العربیہ

دینی مدارس پر چھاپوں کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ،وفاق المدارس العربیہ

اسلام آباد (آئی این پی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ر ہنماؤں مولانا سلیم خان ،مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر ،مولانا محمد حنیف جالندھری ،مولانا انوار الحق اور دیگر نے کہاہے کہ دینی مدارس پر چھاپوں کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ،وزیر اعظم اورآرمی چیف آرمی دینی مدارس کی قیادت سے ملاقات کر یں تاکہ مدارس اور حکومت کے مابین غلط فہمیاں پیداکرنے والے عناصر ناکامی سے دوچار ہوں گے ،مدارس دینیہ مزاحمت نہیں مفاہمت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،مدارس دینیہ کے ساتھ امتیازی سلوک کر کے مدارس کی قیادت کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ جمعہ کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مدارس دینیہ پر چھاپوں کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ،اگر کسی ادارے کے بارے میں ثبوت یا شکایات ہیں تو طے شدہ معاہدوں کے مطابق مدار س کے تقدس کو ملحوظ رکھتے ہوئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے لیکن مدارس کی کردار کشی کی غرض سے اندھا دھند چھاپے اور سرچ آپریشن افسوسناک اور قابل مذمت ہیں یہ سلسلہ فی الفور بند کیا جائے ۔وفا ق المدارس کے قائدین نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر حکومت اور مدارس دینیہ کے مابین غلط فہمیاں پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتے ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر