معید پیرزادہ کی بہن کو بھی حراست میں لیے جانے کا انکشاف

معید پیرزادہ کی بہن کو بھی حراست میں لیے جانے کا انکشاف
معید پیرزادہ کی بہن کو بھی حراست میں لیے جانے کا انکشاف

  

دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)ابوظہبی میں پاکستانی اینکر اور سینئر صحافی معید پیرزادہ کی بہن کو بھی حراست میں لیے جانے کا انکشاف ہواہے جس کی تصدیق دفتر خارجہ نے بھی کردی ہے ، معید پیرزادہ پر بیمار والد سے کروڑوں روپے کی جائیداد کی اہم دستاویزات پر زبردستی انگوٹھے لگوانے پر گرفتار کیا گیا اور ان سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

خبررساں ایجنسی آئی این پی کے مطابق معید پیرزادہ کے والد ابوظہبی میں زیر علاج ہیں اور معید پیرزادہ ابوظہبی کے ہسپتال میں اپنے علیل والد سے کروڑوں روپے کی جائیداد کے حوالے سے اہم دستاویزات پر زبردستی انگوٹھے لگواتے ہوئے پکڑے گئے، ان کے ہمراہ ان کی ہمشیرہ کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق معید پیرزادہ کے قریبی رشتہ داروں اور انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع کی جس پر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دیکھی اور انہیں جعل سازی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ معید پیرزادہ کو 4 اگست کو گرفتار کیا گیا تاہم اس نے ہزیمت اور شرمندگی سے بچنے کیلئے جمعہ کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر ایک ٹوئیٹ جاری کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے والد کی عیادت کے سلسلے میں ابوظہبی آئے ہیں اور ان دنوں وہ ان کی تیمارداری میں مصروف ہیں تاہم بعد ازاں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی کہ معید پیرزادہ کو ابوظہبی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے تاہم پاکستانی سفارتخانہ اس سلسلے میں ابوظہبی پولیس سے رابطے میں ہے۔

مزید : جرم و انصاف