آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان ہے :اسحاق ڈار

آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان ہے :اسحاق ڈار
آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھنے کا امکان ہے :اسحاق ڈار

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان ہے ،پاکستان نے توانائی اور ٹیکس اصلاحات میں تیزی لانے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط سے اتفاق کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری دس روزہ مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور قرضے کے تین سالہ توسیعی پروگرام کا آٹھواں جائزہ مکمل کر لیا، پاکستان نے گزشتہ سہ ماہی کے لیے مقرر کردہ تمام اہداف حاصل کرلیے ہیں۔ پیکیج کے تحت آئندہ قسط آئی ایم ایف بورڈ کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ماہ افراط زر کی شرح ایک اعشاریہ آٹھ فیصد رہی، گزشتہ سال جولائی میں یہ شرح سات اعشاریہ نو فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ سال ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائے جانے سے زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔

اس سے قبل آئی ایم ایف کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیرالڈ فنگر نے پاکستانی معیشت میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تیل کی قیمتوں، توانائی بحران میں کمی، اقتصادی راہداری کی وجہ سے معیشت میں بہتری ہوئی ہے تاہم پاکستانی حکومت ٹیکس محاصل، گردشی قرضوں کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ امکان ہے کہ پاکستان کی شرح نمو رواں برس چار اعشاریہ پانچ فیصد تک پہنچ جائے گی۔ دوسری جانب امکان ہے کہ آئی ایم ایف جائزہ رپورٹ آئندہ ماہ بورڈ میں پیش کرے گا۔

مزید : بزنس