بھارت میں غیرمعینہ مدت کیلئے قیام کی اجازت، پاکستان میں لوگ خوش نہیں ہوں گے لیکن کوئی سروکار نہیں : عدنان سمیع

بھارت میں غیرمعینہ مدت کیلئے قیام کی اجازت، پاکستان میں لوگ خوش نہیں ہوں گے ...
بھارت میں غیرمعینہ مدت کیلئے قیام کی اجازت، پاکستان میں لوگ خوش نہیں ہوں گے لیکن کوئی سروکار نہیں : عدنان سمیع

  

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ سے شہرت پانیوالے پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع کو بھارتی سرکار نے غیرمعینہ مدت کیلئے قیام کی اجازت دیدی ہے جس کے بعد عدنان سمیع نے بھی بھارتی حکومت کی تعریف میں زمین آسمان ایک کردیئے اور کہاکہ پاکستان میں لوگ اس خبر سے خوش نہیں ہوں گے ، پتلے جلائے جائیں گے لیکن اُنہیں اس سے کوئی سروکار نہیں ۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز ‘ کے مطابق عدنان سمیع نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ڈی پورٹ نہ کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں درخواست دی جسے منظور کرتے ہوئے غیرمعینہ مدت تک رہنے کی اجازت دیدی گئی ۔ عدنان سمیع نے درخواست منظور پر خوشی کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ بالآخر اپنا گھر ڈھونڈلیا، درخواست پر غور کرنے پر بھارتی حکومت کا شکرگزار ہوں لیکن اس دن کا انتظار ہے جب حکومت مجھے اپنا شہری قراردے گی ، ابھی تک کسی کسی ملک کا باشندہ نہیں کیونکہ پاکستانی شہریت بھی اب ختم ہوجائے گی ۔

عدنان سمیع کاکہناتھاکہ بھارت میں ملنے والی محبت اور گرمجوشی کی وجہ سے اس ملک کا انتخاب کیا، پوری دنیا میں لوگ انہیں بھارتی گلوکار کے طورپر جانتے ہیں،وہ کسی اور ملک کا بھی انتخاب کرسکتاہے لیکن دل بھارت میں ہے اور ہمیشہ ہی رہے گا۔

یادرہے کہ لاہور میں پیداہونیوالے عدنان سمیع پہلی مرتبہ مارچ 2001ءمیں بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد سے جاری ہونیوالے وزٹ ویزے پر ایک سال کیلئے بھارت گئے اور پھر وہاں قیام کے دوران کئی مرتبہ ویزے میں توسیع کرائی ۔

مزید : تفریح