توانائی کا حصول‘تھرکی آبادی میں صلاحیت پیداکرنے کیلئے ڈپلومہ پروگرام

توانائی کا حصول‘تھرکی آبادی میں صلاحیت پیداکرنے کیلئے ڈپلومہ پروگرام

  



اسلام آباد (اے پی پی) تھر میں اعلیٰ انسانی وسائل کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئلے سے توانائی پیدا کرنے والے منصوبوں کے لئے مقامی آبادی میں ضروری صلاحیت کو پیدا کرنے کے لئے تین سالہ ڈپلومہ پروگرام متعارف کرا دیا گیا۔ پروگرام کے لئے امیدواروں کو منتخب کرنے کے لئے تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا۔ ای پی ٹی ایل نے الیکٹریکل کی تربیت دینے کا پروگرام متعارف کروایا ہے جس میں تھر کے نوجوان 100فیصد اسکالر شپ حاصل کرسکتے ہیں۔ ای پی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسن ظفر سید نے کہا اس پروگرام کا مقصد مقامی آبادی میں اعلیٰ انسانی وسائل کی دستیابی اور تکنیکی صلاحیتوں کو پیدا کرنا ہے جن کی مستقبل میں تھر کوئلے توانائی منصوبوں کو ضرورت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا’’پورے عمل کو شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر بنایا گیا ہے جس میں ہر امیدوار کو برابری کی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا بھلے اُن کا سماجی پس منظر کیسا بھی ہو۔پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے مینجر انسانی وسائل ،ای پی ٹی ایل، خرم محمود نے کہاکہ اُن کی کمپنی30تھری نوجوان امیدواروں کی تربیت کا بیڑا اٹھائے گی تاکہ وہ ایک اچھی شہرت کے حامل ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ میں ایک جامع پروگرام کے تحت تربیت حاصل کریں اور سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں رجسٹرڈ بھی ہوں۔

ای پی ٹی ایل کمپنی ضلع تھرمیں اسلام کوٹ کے تھر بلاک IIمیں کوئلے سے چلنے والا 660میگا واٹ کا پلانٹ لگارہی ہے جس کو کوئلہ سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی فراہم کرے گی۔

ایک اندازے کے مطابق صرف تھر بلاکIIمیں 4000میگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی جیسے جیسے کان کے قریب اور منصوبے تعمیر کئے جائیں گے۔

مزید : کامرس