لاہور میں قائم ہونیوالی یونیورسٹی ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کی ضرورت پورا کریگی ، شیخ علاؤالدین
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے صنعت و تجارت کے معاملات میں باہمی تعاون کا سلسلہ احسن طریقے سے وسیع ہو رہا ہے، حکومت پنجاب نے میگاپراجیکٹس میں لگ بھگ سواسو ارب روپے کی بچت کر کے ایک ایسی مثال قائم کی جس کی کوئی تمثیل کم از کم ملکی تاریخ میں نہیں ملتی، عوامی جمہوریہ چین کی ہر شعبہ میں سرمایہ کاری سے پاکستان جلد ایشیاء کی مایہ نازمعاشی ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ چین کی حکومت کے ساتھ ملکر لاہور میں ایک یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے جو کہ ایک خوش آئند اقدام ہے اور یہ یونیورسٹی ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر کے لئے بنیادی ضروریات کو پورا کرے گی،انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ یونیوسٹی ایسی سکلڈ فورس تیار کرنے میں اپنا مثالی کردار ادا کرے گی جو کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوگی،صوبائی وزیر نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس یونیورسٹی میں 7مختلف کورسز کا اجراء کیا جائے گا اور مستقبل میں نوجوانوں کو ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل سیکٹر میں ملازمتوں اور ذاتی کاروبار کے حوالے سے وسیع مواقع فراہم کرے گی۔